پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس منگل کے کاروبار روز اتار چڑھاؤ کے بعد معمولی کمی پر بند ہوا۔
کے ایس ای 100 انڈیکس نے سیشن کا مثبت آغاز کیا اور یہ انٹرا ڈے کی بلند ترین سطح 77,930.04 پوائنٹس تک چلا گیا۔
تاہم آخری گھنٹوں میں اتار چڑھاؤ کے دباؤ سبب انڈیکس منفی زون میں بند ہوا۔
کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 84.82 پوائنٹس یا 0.11 فیصد کمی کے ساتھ 77,745.52 پوائنٹس پر بند ہوا۔
بروکریج ہاؤس اسماعیل اقبال سیکورٹیز نے اپنی پوسٹ مارکیٹ رپورٹ میں کہا کہ اسٹاک مارکیٹ کا سیشن نسبتا ہموار سطح پر بند ہوا، انڈیکس پورے سیشن میں اتار چڑھاؤ کا شکار رہا۔
منگل کے سیشن میں فرٹیلائزر، پاور جنریشن اور ڈسٹری بیوشن، اور سیمنٹ کے شعبوں میں بندی رہی جبکہ بینکوں، آٹوز اور فارما سیکٹرز نے مثبت کردار ادا کیا۔
ایک اور بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز کا کہنا ہے کہ آج کے مارکیٹ کے الجھے ہوئے رویے کو کسی مثبت محرک کی عدم موجودگی سے منسوب کیا جاسکتا ہے جو مارکیٹ کو بہتر رحجان دینے میں مدد دے سکتا ہے۔
پیر کے روز کے ایس ای 100 انڈیکس 78 ہزار پوائنٹس کی سطح سے نیچے گر گیا تھا کیونکہ کاروباری سیشن کے مثبت آغاز نے فروخت کے دباؤ کی راہ ہموار کی جس نے انڈیکس کو 77 ہزار 500 کی سطح کے قریب بھی پہنچا دیا۔
عالمی سطح پر یورپی اور ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں منگل کے روز اتار چڑھاؤ دیکھا گیا کیونکہ امریکی فیڈرل ریزرو کے سربراہ جیروم پاول کی اہم تقریر سے قبل سرمایہ کار احتیاط سے آگے بڑھ رہے تھے جس سے شرح سود میں کمی کے مزید اشارے مل سکتے ہیں۔
حالیہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ افراط زر کی شرح میں کمی اور لیبر مارکیٹ میں نرمی کی وجہ سے امریکی معیشت اچھی حالت میں ہے، اس بات کی وسیع پیمانے پر توقع کی جارہی ہے کہ بینک آخر کار اگلے ماہ سخت مانیٹری پالیسی کے اپنے طویل عرصے سے جاری پروگرام کو نرم کرنا شروع کردے گا۔
امریکی اسٹورز ٹارگیٹ، لوز اور ٹی جے ایکس سے ہونے والی آمدنی کا سلسلہ بھی رواں ہفتے جاری ہے، جس سے گزشتہ ہفتے خوردہ فروشی کے اعداد و شمار بہتر ہونے کے بعد صارفین کے اعتماد کے بارے میں مزید بصیرت رہنمائی حاصل ہوئی ہے۔
دریں اثناء منگل کے روز انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.04 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کاروبار کے اختتام پر روپیہ 10 پیسے بڑھنے کے بعد 278 روپے 34 پیسے پر بند ہوا۔
آل شیئر انڈیکس پر حجم ایک سیشن قبل کے 471.75 ملین سے کم ہو کر 380.72 ملین رہ گیا۔
حصص کی قیمت بھی گزشتہ سیشن کے 16.92 ارب روپے سے کم ہو کر 11.24 ارب روپے رہ گئی۔
کوہ نور اسپننگ 101.86 ملین حصص کے ساتھ سب سے آگے، یوسف ویونگ 35.81 ملین حصص کے ساتھ دوسرے اور فلائنگ سیمنٹ 17.47 ملین حصص کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
منگل کو 446 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 196 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 183 میں کمی جبکہ 67 میں استحکام رہا۔
Comments