کاروبار اور معیشت

ویر گروپ نے ریکوڈک منصوبے کیلئے 53 ملین پاؤنڈ کا آرڈر حاصل کرلیا

  • اسکاٹش ملٹی نیشنل انجینئرنگ کمپنی منصوبے کے پہلے مرحلے کیلئے عمدہ گرائنڈنگ اور ٹیلنگ سلوشنز فراہم کرے گی
شائع August 20, 2024

کان کنی ٹیکنالوجی میں عالمی رہنما، ویر گروپ نے پاکستان میں ریکوڈک گرین فیلڈ کاپر گولڈ پروجیکٹ میں کان کنی کے آلات کے لیے 53 ملین پاؤنڈ (69 ملین امریکی ڈالر) کا آرڈر حاصل کرلیا۔

اسکاٹش ملٹی نیشنل انجینئرنگ کمپنی جس کا صدر دفتر گلاسگو میں ہے، نے منگل کو اعلان کیا کہ وہ بلوچستان میں واقع پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کے لیے عمدہ گرائنڈنگ اور ٹیلنگ سلوشنز فراہم کرے گی۔

ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں واقع کان کنی اور ترقی کا ایک اہم منصوبہ ہے۔

یہ منصوبہ کینیڈین کان کنی کمپنی بیرک گولڈ کی تانبے کی پورٹ فولیو کا ایک اسٹریٹجک حصہ ہے اور دنیا کے سب سے بڑے غیر ترقی یافتہ تانبے-سونے کے منصوبوں میں سے ایک کی نمائندگی کرتا ہے۔

ریکو ڈِک منصوبہ بیرک گولڈ کے پاس 50 فیصد ہے، 25 فیصد 3 وفاقی ریاستی ملکیتی اداروں کے پاس ہے، 15فیصد بلوچستان صوبے کے پاس مکمل فنڈنگ کی بنیاد پر ہے اور 10فیصد بلوچستان صوبے کے پاس فری کیریڈ کی بنیاد پر ہے۔

ویر کے سی ای او جون اسٹینٹن نے کہا کہ ہمیں اس اہم معاہدے کو حاصل کرنے پر خوشی ہے، ہماری مارکیٹ کی معروف ایچ پی جی آر ٹیکنالوجی کے ساتھ ویر کے نمایاں پیداوار اور کم لاگت کے ساتھ موثر طریقے سے نئی وضاحت شدہ فلو شیٹ حل کی نمائندگی کرتا ہے اور خاص طور پر ایسی آب و ہوا کیلئے موزوں ہے جہاں پانی کی قلت ہو۔

بیرک کے صدر اور سی ای او مارک بریسٹو نے بھی اس شراکت داری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیرک بلوچستان کے نئے کان کنی کے محاذ میں پائیدار کان کنی اور پروسیسنگ کی فراہمی میں ویر کے ساتھ شراکت داری پر خوش ہے۔ ریکوڈک منصوبے سے بیرک کے اسٹریٹجک طور پر اہم تانبے اور سونے کے پورٹ فولیو میں اضافہ ہوگا جس سے اس کے پاکستان اور بلوچستان کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو فائدہ ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ انٹرنیشنل انڈسٹریز لمیٹڈ (آئی این آئی ایل) سے وابستہ کمپنی چنائے انجینئرنگ اینڈ کنسٹرکشن (پرائیوٹ) لمیٹڈ (سی ای سی ایل) نے ریکوڈک، بلوچستان میں مستقل رہائش کیمپ کی تعمیر کا ٹھیکہ حاصل کیا تھا۔

Comments

200 حروف