ایئر لنک کا پاکستان میں لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ اسمبل کرنے کیلئے ایسر گیجٹ کے ساتھ شراکت داری کا اعلان
پاکستان میں اسمارٹ فونز بنانے والی اور ڈسٹری بیوٹر ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ (ایئر لنک) نے جدید اور سستی ٹیکنالوجی میں عالمی رہنما ایسر گیجٹ کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔
لسٹڈ کمپنی نے منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ایئر لنک نے اپنے نوٹس میں کہا کہ “جدید اور سستی ٹیکنالوجی میں عالمی رہنما ایسر گیجٹ انکارپوریٹڈ نے پاکستانی مارکیٹ میں ’ایسر گیجٹ ای 10‘ لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ اور آل ان ون ڈیوائسز متعارف کرانے کے لیے ایئر لنک کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ اس تعاون کے ایک حصے کے طور پر ، ایئر لنک کو ڈسٹری بیوشن رائٹس دیئے گئے ہیں اور انہوں نے ایسر گیجٹ کے مینوفیکچرنگ پارٹنر ، شنگھائی سکس یونائیٹڈ انٹیلیجنٹ ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ ان مصنوعات کو ایئر لنک کے لاہور پلانٹ میں اسمبل کرنے کے لئے ایک خصوصی اسمبلنگ معاہدہ کیا ہے۔
کمپنی نے کہا کہ یہ شراکت داری ایئر لنک کے ’میڈ ان پاکستان‘ اقدام کے عزم میں ایک اہم قدم ہے اور اس کا مقصد صارفین کو اعلیٰ معیار اور قابل رسائی ڈیوائسز فراہم کرکے پاکستانی ٹیکنالوجی کے منظرنامے کو بہتر کرنا ہے۔
پی ایس ایکس کے نوٹس کے بعد منگل کو کمپنی کے حصص کی قیمت میں اضافہ ہوا اور اس رپورٹ کے وقت اس کے حصص کی قیمت 139 روپے کے آس پاس رہی تھی۔ پیر کے سیشن کے اختتام پر یہ 132.14 روپے پر بند ہوا تھا۔
جنوری 2014 میں ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم اور اپریل 2019 میں پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل ہونے والی ایئر لنک اسمارٹ فونز، ٹیبلٹس، لیپ ٹاپس اور لوازمات سمیت مواصلات اور آئی ٹی سے متعلق مصنوعات کی درآمد، برآمد، تقسیم، ہول سیل اور ریٹیل کے کاروبار میں شامل ہے۔
جون میں ایئر لنک نے اسمارٹ ویئرایبل ڈیوائسز کی تیاری کے لیے چینی ٹیکنالوجی کمپنی آئی ایم آئی کے آئی کارپوریشن کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے تھے۔
مزید برآں، گزشتہ سال اکتوبر میں، ایئر لنک نے اپنے لاہور مینوفیکچرنگ پلانٹ میں اسمارٹ ٹی وی تیار کرنے کے لئے کنزیومر الیکٹرانکس اور اسمارٹ فونز میں عالمی رہنما شیاؤمی کے ساتھ شراکت داری کی۔ ایئر لنک اور شیاؤمی پہلے ہی شیاؤمی اسمارٹ فونز کی مقامی پیداوار کے لئے اسٹریٹجک شراکت داری رکھتے ہیں۔
Comments