پاکستان

بجلی چوری کی روک تھام: وزیراعظم کی صوبائی حکومتوں سے تعاون کی اپیل

  • ڈسکوز میں موجود بدعنوان عناصر سے سختی سے نمٹا جائے، شہباز شریف
شائع August 19, 2024

ملک میں بجلی چوری کے بڑے چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے پولیس فورس اور تحصیلداروں کی تعداد بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی ضرورت کے مطابق فراہم کی جائے۔

انہوں نے پاورسیکٹر میں بدعنوان عناصر سے سختی سے نمٹنے کا اعادہ بھی کیا ہے۔

اتوار کو پاور ڈویژن سے متعلق امور کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے وزیرتوانائی اور سیکرٹری توانائی کو ہدایت کی کہ وہ صوبوں کا دورہ کریں اور بجلی چوری کی روک تھام، ڈسکوز کی کارکردگی اور اس شعبے کے دیگر معاملات کے حوالے سے ان کے ساتھ تعاون کریں۔

انہوں نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ ڈسکوز کی ضروریات کے مطابق پولیس فورس اور تحصیلداروں کی تعداد برقرار رکھیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ حال ہی میں حکومت نے5 ڈسکوز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے نئے بورڈ چیئرمین اور ممبران کی تقرری کی ہے۔ ملک بھر میں بجلی چوری کی روک تھام کے لیے حکومتی انداز اپنایا جانا چاہیے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈسکوز میں موجود بدعنوان عناصر سے سختی سے نمٹا جائے۔ انہوں نے ڈسکوز کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے حوالے سے کچہری نظام کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے سلسلے میں تشکیل دی گئی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس فوری بلایا جائے۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے حوالے سے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) اسٹیئرنگ کمیٹی کو مطلع کردیا گیا ہے ۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بجلی شعبے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کے اعتراف کے لیے پیکج تیار کیا جارہا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے بجلی چوری کی روک تھام، لائن لاسز میں کمی اور ملک بھر میں بجلی کی تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف