پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ کراچی سے راولپنڈی منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل بینک اسٹیڈیم کی تعمیر نو کے لیے بھاری تعمیراتی آلات کی تعیناتی اور ری ڈیولپمنٹ کے سخت شیڈول پر عمل کرنے کی ضرورت کے پیش نظر پی سی بی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی مشاورت سے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا دوسرا میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بورڈ نے وضاحت کی کہ تعمیراتی ماہرین نے کھیل کے اوقات کے دوران تعمیراتی کام جاری رکھنے پر زور دیا تھا جس سے کرکٹرز پریشان ہوسکتے ہیں۔ مزید برآں، تعمیراتی کام سے نکلنے والی دھول کھلاڑیوں، آفیشلز، براڈکاسٹرز اور میڈیا ورکرز کی صحت کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔

بیان کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 ء کے لیے وینیو کی تیاری کو یقینی بنانے کے لیے تعمیراتی کام بلا تعطل جاری رہنا چاہیے، پی سی بی نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور آپریشنل اور لاجسٹک معاملات کا جائزہ لینے کے بعد دونوں ٹیسٹ راولپنڈی میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بیان میں کہا گیاکہ اس مرحلے پر ہم 15 سے 19 اکتوبر تک کراچی میں دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی کے بارے میں قیاس آرائیاں نہیں کرنا چاہیں گے اور میچ کی میزبانی کے لیے تعمیراتی ماہرین کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے جبکہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو اپ ڈیٹ رکھیں گے۔

پہلا ٹیسٹ 21 اگست سے راولپنڈی میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے شروع ہوگا۔

اس سے قبل کرکٹ بورڈ نے تماشائیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے انہیں کراچی ٹیسٹ میچ کیلئے گراؤنڈ میں داخلے سے روک دیا تھا۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025

پاکستان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کی تیاری کر رہا ہے۔ یہ 29 سال میں پہلا موقع ہوگا جب پاکستان آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان نے 1996 کے ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت اور سری لنکا کے ساتھ مشترکہ طور پر کی تھی۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 13 اگست کو لاہور پہنچی تھی۔ وہ فی الحال قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کر رہے ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 19 اگست سے 23 اگست تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

Comments

200 حروف