یو ایس سی کے ذریعے ریلیف پیکج جاری رہے گا، ای سی سی
- گودام اور لاجسٹک سیکٹر کو صنعت قرار دیدیا گیا
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے مالی سال 25-2024 کے لیے وزیراعظم کے ریلیف پیکج کو جاری رکھنے کی منظوری دے دی ہے جبکہ گودام اور لاجسٹک سیکٹر کو صنعت قرار دیا ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں سمری میں بتایا گیا کہ وزیراعظم ریلیف پیکج اور رمضان ریلیف پیکج 2024 کے تحت مالی سال 25-2024 کے لیے 60 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم ریلیف پیکج کے لیے 50 ارب روپے اور رمضان ریلیف پیکج کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یو ایس سی وزیراعظم ریلیف پیکج (پی ایم آر پی) کے تحت جنوری 2020 سے 5 اشیائے ضروریہ رعایتی نرخوں پر فراہم کی جارہی ہیں اور مالی سال 24-2023 کے دوران وفاقی کابینہ نے 30 جون 2024 تک ٹارگٹڈ سبسڈی ماڈل کے طور پر 35 ارب روپے کی منظوری دی تھی جس پر یو ایس سی نے عمل درآمد کیا ہے۔
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے اعداد و شمار کے مطابق سبسڈی کی رقم معاشرے کے غریب طبقوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے استعمال کی جانی ہے، بی ون ایس پی کے ساتھ رجسٹرڈ آبادی کے لیے رعایتی نرخوں پر پانچ اشیائے ضروریہ فراہم کی گئی ہیں۔
وزارت صنعت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی سال 24-2023 کے لیے فی گھرانہ 2,734 روپے ماہانہ کی موجودہ سبسڈی (فی گھرانہ) جبکہ اب 25-2024 کے لیے 3,650 روپے ماہانہ پر نظر ثانی کے بعد 916 روپے ماہانہ یا مجموعی سبسڈی میں 25.09 فیصد اضافے کی تجویز دی جا رہی ہے۔
وزارت خزانہ نے فنانس ڈویژن کو یکم اگست 2024 سے 30 جون 2025 تک 10 ماہ کے لیے وزیراعظم ریلیف پیکج 25-2024 کی ماہانہ بنیادوں پر فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کرنے کی درخواست کی جس میں رمضان کے مہینے کو چھوڑ کر موجودہ ٹارگیٹڈ سبسڈی (پی ایم ٹی-40) پر وزیر اعظم ریلیف پیکج کی منظوری اور 30 جون 2024 سے 31 جولائی 2024 تک جاری رکھنے کی درخواست کی گئی۔
ای سی سی سے مالی سال 25-2024 کے بجٹ میں دی گئی سبسڈی میں سے ایف بی آر کو سبسڈی پر 1.25 فیصد کی شرح سے ٹرن اوور ٹیکس کی منظوری کی بھی درخواست کی گئی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024
Comments