کراچی میں یوم آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 95 افراد زخمی جب کہ ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔

ماضی میں پابندیوں کے باوجود یوم آزادی اور نئے سال کی شام جیسے مواقع پر ہوائی فائرنگ کے واقعات معمول کی بات ہے، جس میں اکثر درجنوں افراد زخمی ہوتے ہیں۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کراچی کے تین بڑے اسپتالوں میں ہوائی فائرنگ کے 95 واقعات رپورٹ ہوئے۔

جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں 33 مردوں اور 6 خواتین پر مشتمل 39 کیسز نوٹ کیے گئے۔ سب سے بڑے کی عمر 74 سال تھی جب کہ سب سے چھوٹا پانچ سال کا بچہ تھا۔

عباسی شہید اسپتال میں 34 زخمیوں کو لایا گیا جن میں 25 مرد اور 9 خواتین شامل ہیں جن کی عمریں 6 سے 65 سال کے درمیان ہیں۔

شہید محترمہ بینظیر بھٹو (ایس ایم بی بی) ٹراما سینٹر میں 22 زخمی لائے گئے جن میں 17 مرد اور 5 خواتین شامل ہیں۔ سب سے بڑے شخص کی عمر 55 سال تھی جب کہ سب سے چھوٹے کی عمر 6 سال تھی۔

ڈاکٹر سید نے بتایا کہ ایس ایم بی بی ٹراما سینٹر میں زیر علاج ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ایک بچے کی موت ہو گئی ہے۔ پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

قبل ازیں چھیپا ریسکیو سروس کے انفارمیشن بیورو نے زخمیوں کی فہرست ان کی عمر اور واقعے کے علاقے کے ساتھ جاری کی تھی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف