پاکستان

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی

  • پٹرول کی قیمت میں 8.47، ڈیزل میں 6.7 روپے فی لٹر کمی کی گئی
شائع August 14, 2024

وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 8 روپے 47 پیسے فی لٹر کمی کردی جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 260 روپے 96 پیسے فی لٹر ہوگئی۔

سرکاری نشریاتی ادارے پی ٹی وی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 6روپے 7 پیسے کمی سے 266 روپے 7 پیسے فی لٹر ہوگئی ہے ۔

نئی قیمتوں کا اطلاق آج(14 اگست )رات 12 بجے سے ہوگیا ہے ۔

بیان میں لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کسی تبدیلی کا ذکر نہیں کیا گیا۔

قبل ازیں بزنس ریکارڈر نے خبردی تھی کہ صارفین کیلئے پٹرول کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے ۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق حکومت 16 اگست 2024 سے شروع ہونے والے پندرہ دنوں کے لیے پٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے فی لٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 70 پیسے فی لٹر کمی پر غور کر رہی تھی۔

واضح رہے کہ حکومت نے 31 جولائی کو پٹرول کی قیمت میں 6 روپے 17 پیسے کمی کی تھی جس کے بعد پٹرول کی قیمت 269 روپے 43 پیسے فی لٹر ہوگئی تھی۔اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 10 روپے 86 پیسے کمی کے بعد 272 روپے 77 پیسے فی لٹر ہوگئی تھی ۔

Comments

200 حروف