مارکٹس

خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ

خام تیل کی قیمتوں میں منگل کو کمی ریکارڈ کی گئی جس سے پانچ دن سے جاری اضافے کا سلسلہ ٹوٹ گیا کیونکہ اوپیک نے پیر کو...
شائع August 13, 2024

خام تیل کی قیمتوں میں منگل کو کمی ریکارڈ کی گئی جس سے پانچ دن سے جاری اضافے کا سلسلہ ٹوٹ گیا کیونکہ اوپیک نے پیر کو چین میں کمزور توقعات کی وجہ سے 2024 میں طلب میں اضافے کی پیش گوئی میں کمی کے بعد مارکیٹوں نے طلب کے بارے میں خدشات پر توجہ مرکوز کی۔

بینچ مارک برینٹ کروڈ 78 سینٹ یا 0.95 فیصد کی کمی سے 81.52 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔

یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 73 سینٹ یا 0.91 فیصد کی کمی کے ساتھ 79.33 ڈالر فی بیرل پر ریکارڈ کیا گیا ۔

پیر کو برینٹ کی قیمت میں 3 فیصد سے زائد اضافہ ہوا تھا جب کہ امریکی خام تیل کے فیوچر میں 4 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا تھا۔

اوپیک کی رواں سال کے لئے عالمی طلب کی پیش گوئی میں کمی نے اکتوبر سے پیداوار بڑھانے میں وسیع اوپیک پلس گروپ کو درپیش مخمصے کو اجاگر کیا۔

اوپیک کی 2024 کی پیش گوئی میں یہ کٹوتی جولائی 2023 میں کیے جانے کے بعد پہلی بار کی گئی ہے ۔ یہ اس بات کے اشارے کے بعد سامنے آئی کہ ڈیزل کی کھپت میں کمی کی وجہ سے چین میں طلب توقعات سے پیچھے رہ گئی ہے اور پراپرٹی شعبے میں بحران دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت کو متاثر کر رہا ہے۔

آئی جی مارکیٹ اسٹریٹجسٹ یپ جون رونگ نے کہا کہ خام تیل کی طلب کے خدشات ٹیبل پر برقرار ہیں، آنے والے امریکی افراط زر کے اعداد و شمار سے پہلے تحفظات برقرار ہیں۔

یپ نے کہا کہ زیادہ معاشی خطرات کی کسی بھی عکاسی سے تیل کی قیمتوں پر اثر پڑ سکتا ہے، ایک ایسے وقت میں جب اوپیک پلس نے اپنی 2024 کی طلب کی پیش گوئی میں کمی کی ہے اور اکتوبر سے اپنی پیداوار میں کٹوتی کو واپس لینے کے لئے تیار ہے۔

لیکن انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کار تازہ ترین جغرافیائی سیاسی تناؤ سے محتاط رہے۔

وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے پیر کو کہا کہ مشرق وسطیٰ کا تنازع شدت اختیار کر گیا ہے اور امریکہ اس ہفتے کے اوائل میں خطے میں ایران یا اس کے آلہ کاروں کی جانب سے اہم حملوں کی تیاری کررہا ہے۔

کسی بھی حملے سے عالمی سطح پر خام تیل کی فراہمی تک رسائی سخت ہوسکتی ہے اور قیمتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں امریکہ ایرانی خام تیل کی برآمدات پر بھی پابندی عائد کر سکتا ہے جس سے ممکنہ طور پر روزانہ 1.5 ملین بیرل تیل کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔

مارکیٹیں بدھ کو امریکی کنزیومر پرائس انڈیکس رپورٹ کی بھی تیاری کر رہی ہیں جو افراط زر کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرے گی، سرمایہ کاروں کو اب تشویش ہے کہ سی پی آئی کی حد سے زیادہ کمی سے مندی کا خدشہ پیدا ہو جائے گا۔

سی ایم ای کے فیڈ واچ ٹول سے پتہ چلتا ہے کہ منی مارکیٹس نے ستمبر میں امریکی شرح سود میں 25 یا 50 بیسس پوائنٹس کی کٹوتی پر بھی داؤ لگایا ہے ، جس سے توقع ہے کہ 2024 کے آخر تک مجموعی طور پر 100 بی پی ایس کی کمی ہوگی۔

شرح سود میں کٹوتی سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا ہے جس سے تیل جیسے توانائی کے ذرائع کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔

Comments

200 حروف