سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) نے اپنی متعدد قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں کمی کردی جب کہ دیگر میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔
سیونگ اکاؤنٹ (ایس اے) کی شرح 150 بیسس پوائنٹس (بی پی ایس) کم ہو کر 20.5 فیصد سے 19فیصد ہوگئی ۔ شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفیکیٹس (ایس ٹی ایس سی) پر منافع کی شرح میں 134 بی پی ایس کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد یہ 17.9فیصد سے کم ہوکر 19.24فیصد پرآگئی۔
اسی طرح سروا اسلامک سیونگ اکاؤنٹ پر شرح 150 بی پی ایس کی کمی سے کم ہو کر 19 فیصد رہ گئی۔
دریں اثنا، دیگر اسکیموں کی شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
شرح منافع میں تبدیلی کا اطلاق 7 اگست 2024 سے ہوگا۔
نیشنل سیونگز آرگنائزیشن پاکستان کا سب سے بڑا مالیاتی ادارہ ہے جو 3.4 ٹریلین روپے سے زائد کے پورٹ فولیو کا انتظام کرتا ہے اور 12 ریجنل ڈائریکٹوریٹس کے زیر انتظام ملک بھر میں 376 شاخوں کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے 4 ملین سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کرتا ہے۔
سی ڈی این ایس نے حکومت کے لئے فنڈز پیدا کرنے ، بجٹ خسارے کو پورا کرنے اور اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی حمایت کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
گزشتہ ماہ اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے کلیدی پالیسی ریٹ میں 100 بیسس پوائنٹس کی کمی کی تھی جس کے بعد یہ 19.5 فیصد پر آگئی تھی۔
واضح رہے کہ جولائی 2024 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح سال بہ سال کی بنیاد پر 11.1 فیصد رہی جو جون 2024 کے مقابلے میں کم ہے جب یہ 12.6 فیصد تھی۔
ادارہ شماریات کے مطابق نومبر 2021 کے بعد سی پی آئی کا یہ سب سے کم اعدادوشمار 11.5 فیصد تھا۔
Comments