پاکستان

پاکستان کی غزہ کے الطبین اسکول پر اسرائیلی حملے کی مذمت

  • اسرائیل کو غزہ میں جنگی جرائم اور نسل کشی کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے، دفتر خارجہ
شائع August 11, 2024

پاکستان نے اتوار کے روز غزہ کے ایک اسکول پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس اسکول بے گھر افراد نے پناہ لے رکھی تھی اور حملے میں 100 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مشرقی غزہ میں الطبین اسکول پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے جس کے نتیجے میں 100 سے زائد شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بے گھر افراد کو پناہ دینے والے پرہجوم اسکول پر حملہ، خاص طور پر جب وہ صبح کی نماز ادا کر رہے تھے، ایک ہولناک، غیر انسانی اور بزدلانہ فعل ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہری آبادیوں اور تنصیبات کو بلا امتیاز نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔

اسلام آباد نے اپنے اس مطالبے کا اعادہ کیا کہ اسرائیل کو غزہ میں ان ”جنگی جرائم اور نسل کشی“ کے لئے جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہئے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور اسرائیل کے حامیوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ کی نسل کشی کے خاتمے اور غزہ کے عوام کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں۔

تفصیلات کے مطابق غزہ کے اسکول پر اسرائیلی حملے میں 100 سے زائد فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس نے حماس کے کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا ہے۔

غزہ حکومت کے میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں نماز فجر کی ادائیگی کے دوران پناہ لینے والے افراد کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں اموات ہوئیں۔

Comments

200 حروف