ریڈیو پاکستان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو وہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں جن کی آئین میں ضمانت دی گئی ہے۔

اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح کی جانب سے 11 اگست 1947 کو ملک کی اقلیتوں سے ان کے حقوق اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے وعدے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

صدر پاکستان نے کہا کہ حکومت نے اقلیتوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے معاشرے کے تمام طبقوں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو ان کے حقوق سے آگاہ کریں اور بین المذاہب ہم آہنگی، محبت، رواداری، بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے کو فروغ دینے کے لئے کام کریں تاکہ پاکستان کو ایک مضبوط ملک بنایا جا سکے۔

آصف علی زرداری نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان کی اقلیتیں ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اقلیتوں کو ملک کی ترقی اور خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ریاست پاکستان کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری اقلیتی برادری نے تحریک پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا اور قیام پاکستان کے بعد سے قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

شہباز شریف نے قائد اعظم محمد علی جناح کی 11 اگست 1947 کی تاریخی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی دی گئی ہے۔

انہوں نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی مجموعی ترقی و خوشحالی کے عزم کا اظہار کیا۔

دریں اثنا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے ملک کی ترقی، خوشحالی اور شاندار ثقافتی ورثے میں اقلیتوں کی شاندار خدمات کا اعتراف کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ موقع ہم آہنگی کے ساتھ بقائے باہمی کی یاد دلاتا ہے جو ہماری عظیم قوم کی پہچان ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ اقلیتی برادری ملک کے سماجی تانے بانے کا لازمی اور اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے حقوق اور آزادیاں آئین اور اسلام کے مطابق مقدس ہیں۔

افواج پاکستان اقلیتی برادری کے غیر متزلزل عزم، لگن اور قربانیوں کا احترام کرتی ہے، قوم کے ساتھ ان کی غیر متزلزل وفاداری اور ایک ہم آہنگ اور کثیرجہتی معاشرے کو فروغ دینے میں ان کے گراں قدر کردار کو تسلیم کرتی ہے۔

Comments

200 حروف