پاکستان

جیولن کھلاڑی ارشد ندیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال

  • مداحوں اور کوچنگ ٹیم کی جانب سے ملنے والی غیر متزلزل حمایت کا شکر گزار ہوں، ارشد ندیم
شائع August 11, 2024

پاکستان کے اسٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم پیرس اولمپکس 2024 میں مردوں کے جیولین تھرو ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیتنے کے بعد اتوار کی صبح وطن واپس پہنچ گئے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

ترکش ایئر لائنز کی پرواز سے پہنچنے پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کے پرجوش مداحوں نے نعروں سے ارشد ندیم کا استقبال کیا۔

ایئرپورٹ پہنچنے پر ارشد ندیم کی فلائٹ کو ایتھلیٹ کے اعزاز میں واٹر کینن کی سلامی بھی دی گئی۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شیزہ فاطمہ اور خواجہ سعد رفیق بھی ارشد ندیم کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ وہ حکومت اور اپنی کوچنگ ٹیم کی حمایت پر شکر گزار ہیں۔

اپنے سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ ان کی کہنی کی چوٹ نے انہیں ٹوکیو اولمپکس میں اپنی پوری صلاحیت کے استعمال سے روک دیا تھا۔

ارشد ندیم نے بتایا کہ ڈائمنڈ لیگ میں ان کی شرکت نے پیرس اولمپکس کی تیاریوں میں اہم کردار ادا کیا۔

اس سے قبل اپنی جیت کے بعد پیرس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ یہ جدوجہد قابل فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب میں نے جیولین پھینکا، تو مجھے اس کے میرے ہاتھ سے نکلنے کا احساس ہوا اور میں نے محسوس کیا کہ یہ ایک اولمپک ریکارڈ ہو سکتا ہے۔

صدر آصف علی زرداری پیرس اولمپکس میں ریکارڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ارشد ندیم کو سول ایوارڈ سے نوازیں گے۔

صدر مملکت ارشد ندیم کو کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں سول ایوارڈ سے نوازیں گے۔

آئین کی شق کے تحت صدر مملکت پاکستانی شہریوں کو زندگی کے مختلف شعبوں میں ان کی قابل قدر خدمات کے اعتراف میں سول ایوارڈز سے نواز سکتے ہیں۔ صدر مملکت کی ہدایت پر ایوان صدر کی جانب سے کابینہ ڈویژن کو اس حوالے سے ایک خط ارسال کیا گیا ہے۔

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے ارشد ندیم کیلئے 100 ملین روپے (359,195 ڈالر) نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کی انعامی رقم پر ٹیکس عائد کرنے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کی جیتی گئی رقم ود ہولڈنگ ٹیکس سے مستثنیٰ ہوگی۔

ایک بیان میں ایف بی آر نے واضح کیا کہ ندیم ارشد کی تاریخی جیت نے قوم کو بے حد فخر بخشا ہے اور اس کے نتیجے میں ان کی انعامی رقم ٹیکس کے دائرے میں نہیں آئے گی۔

ارشد ندیم ہمارے قومی ہیرو ہیں جنہوں نے نہ صرف پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے بلکہ 40 سال بعد اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر پوری پاکستانی قوم کو خوش کردیا ہے۔

Comments

200 حروف