صدر آصف علی زرداری نے پیرس اولمپکس 2024 میں ریکارڈ ساز کارکردگی پر ارشد ندیم کو ہلال امتیاز دینے کا حکم نامہ جاری کردیا۔

مایہ ناز ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس 2024 کے مردوں کے جیولین تھرو فائنل میں 92.97 میٹر تھرو کے ساتھ اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔ پیرس اولمپکس میں پاکستان نے 40 سالوں بعد پہلا اولمپک گولڈ میڈل جیتا۔

پاکستان نے 1992 کے بعد سے اولمپکس میں کوئی تمغہ نہیں جیتا تھا اور آخری بار 1984 میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ یہ دونوں تمغے ہاکی ٹیم نے جیتے تھے۔

پاکستان کے اسٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم نے بھارت کے نیرج چوپڑا کو شکست دے کر چار دہائیوں پر مبنی انتظار کا خاتمہ کیا۔

صدر مملکت ارشد ندیم کو ان کی جانب سے نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں سول ایوارڈ سے نوازیں گے۔ ایوان صدر کی جانب سے ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ صدر آئین کے آرٹیکل 259 (2) کے تحت سول ایوارڈ سے نوازیں گے۔

آئینی شق کے تحت صدر مملکت پاکستانی شہریوں کو زندگی کے مختلف شعبوں میں ان کی قابل قدر خدمات کے اعتراف میں سول ایوارڈز سے نواز سکتے ہیں۔

ایوان صدر نے صدر مملکت کی ہدایت کے جواب میں کابینہ ڈویژن کو خط ارسال کیا۔

صدر زرداری نے کہا کہ ارشد ندیم نے اپنی شاندار کارکردگی سے کھیلوں کے میدان میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

ارشد ندیم کی بین الاقوامی سطح پر شاندار کامیابی نے قوم کا نام فخر سے روشن کیا ہے۔

ایوان صدر کی جانب سے میڈیا کے ساتھ شیئر کیے گئے خط کے مندرجات میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے اولمپک مقابلوں میں ملک کا نام فخر سے بلند کیا ہے۔

Comments

200 حروف