مارکٹس

جولائی میں پاکستان کی ترسیلات زر 3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، سالانہ بنیادوں پر 48 فیصد اضافہ

  • ماہانہ بنیادوں پر ترسیلات میں 5 فیصد کمی واقع ہوئی
  • جولائی میں سب سے زیادہ رقوم سعودی عرب سے بھیجی گئیں
شائع August 9, 2024

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر 3 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے 2.03 ارب ڈالر کے مقابلے میں سالانہ بنیاد پر 48 فیصد زیادہ ہیں۔

جولائی 2024 میں پاکستان میں ترسیلات زر کی آمد 2.995 ارب ڈالر رہی جو جون 2024 ء کے 3.158 ارب ڈالر کے مقابلے میں ماہانہ بنیادوں پر 5 فیصد کم ہے۔

بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے کہا کہ یہ جولائی کے مہینے سے متعلق اب تک کی سب سے زیادہ ترسیلات زر ہیں۔

مقامی ترسیلات زر ملک کے بیرونی کھاتوں کو سہارا دینے، پاکستان کی معاشی سرگرمیوں کو متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ ترسیلات زر پر منحصر گھرانوں کی قابل تصرف آمدنی کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

جون میں، ورلڈ بینک نے اپنی رپورٹ ’مائیگریشن اینڈ ڈیولپمنٹ بریف 40‘ میں توقع کی کہ پاکستان میں ترسیلات زر 2024 میں تقریباً 7 فیصد کی شرح سے بڑھ کر 28 بلین ڈالر تک پہنچ جائیں گی اور 2025 میں مزید 4 فیصد بڑھ کر تقریباً 30 ارب ڈالر ہو جائیں گی۔

تاہم پاکستان کو مالی سال 2023-24 میں 30.3 بلین ڈالر کی ترسیلات ہوئیں جو کہ سالانہ بنیادوں پر 10.7 فیصد زیادہ ہے۔

ترسیلات زر سے متعلق ممالک کی تفصیل

سعودی عرب میں مقیم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے جولائی 2024 میں سب سے زیادہ رقوم بھیجیں کیونکہ انہوں نے اس مہینے کے دوران 761 ملین ڈالر کی ترسیلات کیں۔ ماہانہ بنیادوں پر اس رقم میں 6 فیصد کمی واقع ہوئی لیکن یہ گزشتہ سال کے اسی مہینے میں بیرون ممالک میں موجود پاکستانیوں کی جانب سے بھیجے گئے 487 ملین ڈالر کے مقابلے میں 56 فیصد زیادہ تھی۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے بھی ماہانہ بنیادوں پر ترسیلات زر 7 فیصد کمی واقع ہوئی، یہ جون میں 654 ملین ڈالر تھیں اور کمی کے بعد جولائی میں 611 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ تاہم سالانہ بنیادوں پر ترسیلات زر میں 94 فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 315 ملین ڈالر تھا۔

اس ماہ کے دوران برطانیہ سے ترسیلات زر 443 ملین ڈالر رہیں جو جون 2024 کے 487 ملین ڈالر کے مقابلے میں 9 فیصد کم ہیں۔

دریں اثنا یورپی یونین سے ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر 6 فیصد بہتری آئی اور یہ جولائی 2024 میں 351 ملین ڈالر رہی۔ جولائی 2024 میں امریکہ میں مقیم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 300 ملین ڈالر بھیجے جو ماہانہ بنیادوں پر 7 فیصد کم ہیں۔

Comments

200 حروف