وزیراعظم شہباز شریف نے پروفیسر محمد یونس کو بنگلہ دیش حکومت کے چیف ایڈوائزر کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں پروفیسر محمد یونس کو بنگلہ دیش کی حکومت کے چیف ایڈوائزر کی حیثیت سے حلف اٹھانے پردلی مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ میں آنے والے دنوں میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے ان کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں۔
یاد رہے کہ پروفیسر محمد یونس نے جمعرات کو اس وقت حلف اٹھایا تھا جب چند روز قبل طلبہ کی قیادت میں ہونے والی بغاوت نے وزیراعظم شیخ حسینہ کا تختہ الٹ دیا تھا جو ہیلی کاپٹر کے ذریعے فرار ہوکر نئی دہلی کے قریب ایک فوجی ہوائی اڈے پر پہنچی تھیں۔
بنگلہ دیش کی 1971 کی جنگ آزادی میں حصہ لینے والے سابق فوجیوں کے اہل خانہ کے لیے سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ کے خلاف جولائی میں شروع ہونے والے پرتشدد مظاہروں کا اختتام حسینہ واجد کی 15 سالہ طویل اقتدار کے اختتام پر ہوا۔
پرتشدد مظاہروں نے بنگلہ دیشی فوج کو مداخلت کرنے پر مجبور کر دیا ، ملک کے آرمی چیف جنرل وکرالزمان نے عبوری حکومت کی تشکیل کا اعلان کیا جس کے بعد پروفیسر یونس نگران سیٹ اپ کی قیادت کریں گے۔
بنگلہ دیش میں سیکیورٹی میں ڈرامائی طور پر بہتری آئی ہے تاہم حسینہ واجد کے حامیوں اور پارٹی عہدیداروں پر انتقامی حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
Comments