پاکستان کے نامور ایتھلیٹ ارشد ندیم آج پیرس اولمپکس 2024 کے مردوں کے جیولن تھرو فائنل میں حصہ لیں گے۔ فائنل میں وہ 32 سالوں میں پہلی بار پاکستان کیلئے تمغہ حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

ایونٹ پاکستانی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 25 منٹ پر شروع ہوگا۔

پاکستان نے سات ایتھلیٹس پر مشتمل ایک دستہ پیرس اولمپکس میں شرکت کیلئے بھیجا تھا جن میں سے چھ اپنے اپنے کھیلوں کے پہلے راؤنڈ میں ہی باہر ہو گئے تھے۔ارشد ندیم فائنل راؤنڈ میں پہنچنے والے واحد پاکستانی ایتھلیٹ ہیں۔

منگل کے روز کوالیفائنگ راؤنڈ کے دوران ارشد نے 86.59 میٹر تھرو کی تھی جو کوالیفائی کرنے کیلئے درکار 84 میٹرکے نشان سے کہیں زیادہ دور تھی جس کی بدولت وہ فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ بھارت کے نیرج چوپڑا کی 89 میٹر اور گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز کی 88 میٹرز تھرو کے بعد ارشد ندیم سب سب لمبی تھرو کرنے والے تیسرے ایتھلیٹ رہے۔

پاکستان کا آخری چانس

پاکستان نے 1948 کے اولمپکس کے بعد سے اب تک صرف 10 تمغے جیتے ہیں۔ پاکستان نے آخری تمغہ 1992 میں حاصل کیا تھا جب قومی ہاکی ٹیم نے بارسلونا میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

پیرس اولمپکس میں اب میڈل کی تمام امیدیں ارشد ندیم سے وابستہ ہیں۔ وہ بین الاقوامی مقابلوں میں ایک گولڈ میڈل کے ساتھ 9 جبکہ مقامی مقابلوں میں 3 گولڈ میڈل حاصل کرچکے ہیں۔ اسٹار ایتھلیٹ نے 2020 کے ٹوکیو اولمپکس میں پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی تاہم وہ 2023 کی ورلڈ چیمپیئن شپ میں چاندی کا تمغہ اور 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں 90.18 میٹر کی تھرو کرکے گولڈ میڈل حاصل کرچکے ہیں۔

Comments

200 حروف