مارکٹس

مضبوط کارپوریٹ نتائج کی بدولت اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس میں 1 فیصد اضافہ

  • ایم اے آر آئی، میزان بینک کے نتائج کے بعد بینچ مارک انڈیکس میں تیزی آئی
شائع August 8, 2024

کارپوریٹ کے مضبوط نتائج کی بدولت پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعرات کے کاروباری روز مثبت رحجان میں بہتری آئی ہے اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 750 پوائنٹس سے زیادہ کا اضافہ ہوا۔

کاروباری سیشن کے زیادہ تر حصے میں انڈیکس کافی حد تک مستحکم رہا۔ تاہم مارکیٹ کے ہیوی ویٹ کی جانب سے مالیاتی نتائج کے اعلان کے بعد رحجان میں بہتری آئی جس سے انڈیکس میں اضافہ ہوا۔

کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 759.73 پوائنٹس یا 0.99 فیصد اضافے کے ساتھ 77,874.22 پر بند ہوا۔

ڈرامائی موڑ اس وقت آیا جب ایم اے آر آئی نے اپنے مالی نتائج کا اعلان کیا جس میں بونس حصص اور منافع کی بھاری رقم کا اعلان کیا گیا۔ صرف اس اعلان نے دیگر کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں کو تقویت دی اور سرمایہ کاروں نے متاثر کن نتائج کا رجحان محسوس کیا۔

اس کے بعد سیمنٹ، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں اور او ایم سیز سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔ او جی ڈی سی ایل، ایم اے آر آئی، ایم ای بی ایل، پی پی ایل، ایچ بی ایل اور این بی پی سمیت انڈیکس ہیوی اسٹاکس مثبت زون میں رہے۔

عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) میں ریسرچ کی سربراہ ثنا توفیق نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ خریداری زیادہ تر نتائج پر مبنی ہے، جو میزان بینک اور ماری پیٹرولیم سمیت انڈیکس ہیوی ویٹ کی مضبوط مالی کارکردگی کی وجہ سے آئی ہے۔

ملک کے سب سے بڑے اسلامی بینک میزان بینک نے 30 جون 2024 ء کو ختم ہونے والی دوسری سہ ماہی کے دوران 26.89 ارب روپے کی مجموعی آمدنی حاصل کی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 17.39 ارب روپے کے بعد از ٹیکس منافع کے مقابلے میں تقریبا 55 فیصد زیادہ ہے۔

دریں اثناء ایم اے آر آئی نے 2024 ء میں 77.28 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) حاصل کیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 56.13 ارب روپے کے مقابلے میں تقریبا 38 فیصد زیادہ ہے۔

بدھ کے روز پی ایس ایکس میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا اور انڈیکس اتار چڑھاؤ کے بعد منفی زون میں بند ہوا کیوں کہ سرمایہ کاروں نے دستیاب مارجن پر منافع حاصل کرنے کو ترجیح دی۔

عالمی سطح پر جمعرات کے روز چین کے حصص میں قدرے اضافہ ہوا، وسیع تر ایشیائی مارکیٹوں میں مندی دیکھی گئی کیونکہ کچھ سرمایہ کاروں نے معاشی بحالی کے باوجود چینی مارکیٹ کو ایک محفوظ پناہ گاہ کے طور پر دیکھا۔

ایشیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں میں ٹیک حصص کی فروخت میں اضافہ ہوا جبکہ ین اور امریکی بانڈز میں تیزی دیکھنے میں آئی کیونکہ عالمی سرمایہ کاروں کو مارکیٹوں کے لیے ایک مشکل ہفتے میں اپنے قدم جمانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

خطے بھر میں ایم ایس سی آئی کا ایشیا ایکس جاپان اسٹاک انڈیکس 0.38 فیصد کمزور رہا جبکہ جاپان کا نکی انڈیکس 0.74 فیصد کمی کے ساتھ بند ہوا۔

دریں اثنا انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.01 فیصد کا اضافہ ہوا۔ کاروبار کے اختتام پر قدر 4 پیسے بڑھنے کے بعد روپیہ 278.69 روپے پر بند ہوا۔

آل شیئر انڈیکس پر حجم ایک سیشن قبل کے 447.53 ملین سے بڑھ کر 493.09 ملین ہوگیا۔

حصص کی مالیت گزشتہ سیشن کے 18.39 ارب روپے سے بڑھ کر 25.85 ارب روپے ہوگئی۔

کوہ نور اسپننگ 93.86 ملین شیئرز کے ساتھ سب سے آگے، فوجی فرٹ بن 33.97 ملین شیئرز کے ساتھ دوسرے اور ایئر لنک کمیونیکیشن 25.15 ملین شیئرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

جمعرات کو 434 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 182 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 198 میں کمی جبکہ 54 میں استحکام رہا۔

 ۔
۔

Comments

200 حروف