ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (ایم اے آر آئی) نے 2024 میں بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) 77.28 ارب روپے حاصل کیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 56.13 ارب روپے کے مقابلے میں تقریبا 38 فیصد زیادہ ہے۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز (بی او ڈی) نے پیر کے روز منعقدہ ایک اجلاس میں 30 جون 2024 کو ختم ہونے والی مدت کے لئے کمپنی کی مالی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اجلاس کے دوران بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سال کے لیے حتمی نقد منافع 134 روپے فی حصص یعنی 1340 فیصد کرنے کا اعلان کیا۔

یہ 98 روپے فی حصص یعنی 980 فیصد پر پہلے ہی ادا کیے جانے والے عبوری منافع کے علاوہ ہے۔ عبوری ڈیویڈنڈ کے ساتھ تجویز کردہ حتمی منافع 232 روپے فی حصص یعنی 2,320 فیصد ہے۔

مزید برآں، بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 30 جون، 2024 کو سال کے لئے 800 فیصد بونس حصص جاری کرنے کا بھی اعلان کیا، یعنی کیپٹل ریڈیمپشن ریزرو فنڈ سے ہر ایک حصص کے لئے آٹھ حصص اور آمدنی کے ذخائر سے بقیہ حصص۔

کمپنی نے کہا کہ بونس حصص کا اجرا کمپنی کی بڑھتی ہوئی مضبوط بیلنس شیٹ کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد مزید ترقی اور تنوع پیدا کرنا ہے۔

تازہ ترین مالی اعداد و شمار کے مطابق کمپنی کی فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 579.36 روپے رہی جو گزشتہ برس اسی مدت میں 420.75 روپے فی حصص تھی۔

ایم اے آر آئی کی مجموعی فروخت 25 فیصد سے زائد اضافے کے ساتھ 204.6 ارب روپے رہی جو گزشتہ سال 163.2 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔

سال 2024 میں ای اینڈ پی کی خالص فروخت 181.8 ارب روپے رہی جو سالانہ تقریباً 25 فیصد زیادہ ہے۔

مالی سال 24 میں فروخت کی لاگت (بشمول رائلٹی اور آپریٹنگ اور انتظامی اخراجات) بڑھ کر 58 ارب روپے ہوگئی جو گزشتہ سال 44.66 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔

اس عرصے کے دوران ایم اے آر آئی کے کھوج اور پراسپیکٹنگ اخراجات میں 19 فیصد کی نمایاں کمی دیکھی گئی جو مالی سال 24 میں 12.9 ارب روپے رہی جبکہ گزشتہ برس اسی مدت میں یہ 16.01 ارب روپے تھی۔

کمپنی کی مالی لاگت میں سالانہ 61 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔

دریں اثنا مالی سال 24 میں ایم اے آر آئی کی فنانس آمدنی 9.07 ارب روپے سے بڑھ کر 9.2 ارب روپے ہوگئی۔

ایم اے آر آئی کی قبل از ٹیکس آمدن تقریبا 29 فیصد اضافے کے ساتھ 110.36 ارب روپے رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 85.84 ارب روپے تھی۔

ایم اے آر آئی نے کہا کہ سرکاری خزانے میں 84 ارب روپے کا حصہ ڈالنے کے علاوہ کمپنی نے تیل اور گیس کی درآمدات کے متبادل کے ذریعے ملک کو 2.7 ارب ڈالر سے زیادہ کی بچت کرنے میں بھی مدد کی۔

جمعرات کو کمپنی کے حصص کی قیمت 259.89 روپے کے 10 فیصد اضافے کے بعد 2858.76 روپے کی بلند حد پر پہنچ گئی۔

Comments

200 حروف