وزیراعظم شہباز شریف نے مبینہ طور پر ایک سمری کی منظوری دے دی ہے جس میں آمنہ بلوچ کو سیکرٹری خارجہ مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے جو اکتوبر میں محمد سائرس سجاد قاضی کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی جگہ لیں گی، اس کے علاوہ ممتاز زہرہ بلوچ کو فرانس میں پاکستان کی سفیر تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

آمنہ بلوچ اس وقت یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر ہیں۔ یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کا سفیر بننے سے قبل آمنہ بلوچ ملائیشیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھی۔

انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران ہیڈ کوارٹرز اور بیرون ملک مشنز میں مختلف اہم اسائنمنٹس پر خدمات انجام دیں جن میں چینگڈو، چین میں پاکستان کی قونصل جنرل ، کولمبو، سری لنکا میں منسٹر کونسلر، وزیر اعظم کے دفتر میں جوائنٹ سیکرٹری اور وزیر خارجہ کے دفتر میں ایڈیشنل سیکرٹری رہ چکی ہیں۔

سفیر آمنہ بلوچ تہمینہ جنجوعہ کے بعد وزارت خارجہ میں اعلیٰ ترین عہدے پر فائز ہونے والی دوسری خاتون ہوں گی جنہیں اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے فروری 2017 میں پہلی خاتون خارجہ سیکرٹری کے طور پر تعینات کیا تھا۔

جبکہ ممتاز زہرہ بلوچ اس وقت وزارت خارجہ کی ترجمان اور ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (اسٹریٹیجک کمیونیکیشن ڈویژن اینڈ پبلک ڈپلومیسی) ہیں۔ اپنے موجودہ عہدے سے پہلے، وہ جمہوریہ کوریا میں پاکستان کی سفیر (21-2020) اور چین میں پاکستانی سفارت خانے میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن (2020-2015) کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔

وہ سفارت خانہ پاکستان، واشنگٹن ڈی سی (2011-2006) میں سیاسی امور کی کونسلر اور اقوام متحدہ، جنیوا (2002-1999) میں پاکستان کے مستقل مشن میں سیکنڈ سیکرٹری کے طور پر بھی کام کر چکی ہیں۔

وزارت خارجہ، اسلام آباد میں انہوں نے ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (ایشیا اور بحرالکاہل)، ڈائریکٹر (امریکہ)، ڈائریکٹر (سیکیورٹی کونسل اینڈ ہیومن رائٹس) اور ڈائریکٹر (اسٹریٹجک پلاننگ) کے طور پر کام کیا۔

مزید برآں، وزیراعظم نے جانباز خان کو برونائی میں پاکستان کا نیا سفیر، محمد سلیم کو کینیڈا میں پاکستان کا نیا ہائی کمشنر، ملک فاروق جو اس وقت کویت میں پاکستان کے سفیر ہیں، جنوبی افریقہ میں پاکستان کے نئے ہائی کمشنر مقرر کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

فیصل نیاز ترمذی، جو اس وقت متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر ہیں، بیلجیئم اور یورپی یونین میں پاکستان کے نئے سفیر ہوں گے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف