پاکستان

عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کے مثبت جائزے معاشی استحکام کی عکاسی ہیں، وزیر خزانہ

  • فن لینڈ کے سفیر ہنو ریپاٹی اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی ملاقات۔
شائع August 8, 2024

فن لینڈ کے سفیر ہنو ریپاٹی نے بدھ کو اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی۔

وزیر خزانہ نے فن لینڈ کے سفیر کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کی معاشی کارکردگی کے بارے میں اپ ڈیٹس شیئر کیں، جس میں ٹیکس وصولیوں میں اضافے، ترسیلات زر میں اضافہ اور زرمبادلہ کے ذخائر نو ارب ڈالر سے تجاوز کرنے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

انہوں نے عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے مثبت جائزے کو اجاگر کیا جو پاکستان کے معاشی ماحول کے استحکام کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیر خزانہ نے عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ 9 ماہ کے ایس بی اے کے کامیاب اختتام اور 37 ماہ کے آئی ایم ایف پروگرام کے لیے حال ہی میں حتمی شکل دیے گئے عملے کی سطح کے معاہدے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

مزید برآں، انہوں نے جاری اقدامات کا خاکہ پیش کیا، جس میں ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹائزیشن، توانائی کے شعبے میں اصلاحات، سرکاری اداروں کی تنظیم نو، اور برآمدات پر مبنی نمو پر توجہ مرکوز کرنا شامل ہے۔ ان اقدامات کا مقصد معاشی استحکام کو بڑھانا اور طویل مدتی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

فن لینڈ کے سفیر نے پاکستان کی معاشی اصلاحات کی تعریف کی اور پاکستان میں کام کرنے والی فن لینڈ کی کمپنیوں کی بہتر مالی صورتحال کا ذکر کیا۔

وفاقی وزیر نے پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی تجدید میں فن لینڈ کے مسلسل تعاون پر سفیر کا شکریہ ادا کیا جس سے ملک کے برآمدی شعبے کو فائدہ ہورہا ہے۔

ملاقات میں پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم پر زور دیا گیا۔

Comments

200 حروف