قومی سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 17 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے 3 ستمبر تک کراچی میں کھیلا جائے گا۔

شان مسعود قومی اسکواڈ کی قیادت کریں گے جبکہ سعود شکیل نائب کپتان ہوں گے۔ شاہین آفریدی کی جگہ شکیل سعود نے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

اسکواڈ کی خاص بات نسیم شاہ کی 13 ماہ بعد قومی ٹیم میں واپسی ہے۔ انہیں ایشیا کپ 2023 کے دوران کندھے میں چوٹ لگی تھی اور انہیں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے ورلڈ کپ اور ٹیسٹ سیریز سے باہر ہونا پڑا تھا۔

امام الحق، فہیم اشرف، حسن علی (زخمی)، محمد نواز، محمد وسیم (زخمی)، نعمان علی اور ساجد خان وہ کھلاڑی تھے جو ٹیسٹ ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔

اسکواڈ میں عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان(وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ عامر جمال کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہے۔

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 11 اگست سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا جس کی نگرانی ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کریں گے۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 17 اگست کو علی الصبح اسلام آباد پہنچے گی اور توقع ہے کہ وہ اسی سہ پہر ٹریننگ شروع کرے گی۔

Comments

200 حروف