پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔

آج نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حال ہی میں منظور شدہ الیکشن (دوسرا ترمیمی) بل 2024 کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

یہ درخواست آئین کے آرٹیکل 184 (3) کے تحت چیئرمین پی ٹی آئی نے وکیل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کے توسط سے دائر کی ۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ اس بل کو کالعدم قرار دے۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر طلال چوہدری نے تحریک انصاف کی شدید مخالفت کے باوجود قومی اسمبلی میں بل پیش کیا۔

بعد ازاں سینیٹ نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 منظور کیا جس کے تحت آزاد امیدواروں کو آئینی اور قانونی طور پر متعین مدت (تین دن) کے بعد کسی دوسری سیاسی جماعت میں شمولیت سے روک دیا گیا ہے۔

گزشتہ ہفتے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے اکثریت سے بل کی منظوری دی تھی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 12 جولائی کو تحریک انصاف کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور غیر مسلموں کے لیے مخصوص نشستیں حاصل کرنے کا اہل قرار دیا تھا۔

سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو پارلیمانی پارٹی بھی قرار دے دیا ہے ۔

Comments

200 حروف