فرانس کی توانائی کمپنی ٹوٹل انرجیز نے ٹوٹل پارکو پاکستان لمیٹڈ (ٹی پی پی ایل) میں اپنے 50 فیصد حصص معروف عالمی کموڈٹیز ٹریڈنگ کمپنی گنور گروپ کو فروخت کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

کمپنی کے بیان کے مطابق، یہ ٹرانزیکشن مارکیٹنگ اور خدمات میں ٹوٹل انرجیز کی ”منتخب حکمت عملی“ کی عکاسی کرتا ہے۔

واضح رہے کہ ٹی پی پی ایل پاکستان میں ٹوٹل انرجیز مارکیٹنگ اینڈ سروسز اور پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ (پارکو) کا 50/50 جوائنٹ وینچر ہے جس میں 800 سے زائد سروس اسٹیشنز، فیول لاجسٹکس اور لبریکنٹس سرگرمیوں کا ریٹیل نیٹ ورک موجود ہے۔

ٹی پی پی ایل کا سٹوریج انفرااسٹرکچر 10 ڈپو پر مشتمل ہے جو اہم مقامات پر واقع ہیں جیسے کیماڑی (02)، شکارپور (01)، دولت پور (01)، محمود کوٹ (01)، ساہیوال (01)، مچیکے (02)، راولپنڈی (01)، تارو جبہ (01) شامل ہیں،جن میں پٹرول کی کل گنجائش 56،199 میٹرک ٹن ، ڈیزل 47،238 میٹرک ٹن ،ایکسیلیم 5544 میٹرک ٹن اور ایس کے او1،244 میٹرک ٹن ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ نیا ادارہ موجودہ ’ٹوٹل پارکو‘ برانڈ کے تحت اپنا ریٹیل کاروبار جاری رکھے گا اور ’ٹوٹل‘ برانڈ کے تحت لبریکنٹس کا کاروبار پاکستان میں پانچ سال تک جاری رہے گا ۔

ٹوٹل انرجیز ایک عالمی مربوط توانائی کمپنی ہے جو توانائی پیدا کرتی ہے اور مارکیٹ کرتی ہے: جس میں تیل اور حیاتیاتی ایندھن، قدرتی گیس اور سبز گیسیں، قابل تجدید توانائی شامل ہے۔ مارچ 2024 کے اختتام تک تین ماہ کے دوران کمپنی نے 5.1 بلین ڈالر کی ایڈجسٹڈ خالص آمدنی حاصل کی ہے۔

دریں اثنا، گنور کاروبار کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے انڈیپنڈنٹ کموڈیٹیز ٹریڈنگ ہاؤسز میں میں سے ایک ہے، جس نے صنعتی بنیادی ڈھانچے – ریفائنریز، پائپ لائنوں، اسٹوریج اور ٹرمینلز میں اسٹریٹجک سرمایہ کاری کی ہے - جو بنیادی تجارتی سرگرمی کی تکمیل کرتے ہیں اور صارفین کے لئے عالمی سپلائی چین میں پائیدار قدر پیدا کرتے ہیں۔

کمپنی مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کا ایک معروف انڈیپنڈنٹ عالمی تاجر بھی ہے.

اس سے قبل مارچ میں گنور اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے تصدیق کی تھی کہ انہوں نے اب تمام متعلقہ افراد کے لیے تسلی بخش شرائط پر تمام قانونی کارروائی طے کر لی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فریقین مل کر کام جاری رکھنے کے خواہاں ہیں تاہم معاہدے کی شرائط اور تفصیلات خفیہ رکھی گئی ہیں۔

Comments

200 حروف