انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے سابق کرکٹر اور کوچ گراہم تھورپ 55 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
گراہم تھورپ نے 1993 سے 2005 کے درمیان 100 ٹیسٹ اور 82 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے اور 16 ٹیسٹ سنچریاں اسکور کیں۔ انہوں نے ایشز سیریز میں 0-4 کی شکست کے بعد فروری 2022 میں عہدہ چھوڑنے سے قبل انگلینڈ کے بیٹنگ کوچ اور اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
انہیں مارچ 2022 میں افغانستان کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا لیکن ٹیم میں شامل ہونے سے پہلے ہی انہیں سنگین بیماری کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرایا گیا ۔
ای سی بی نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ گراہم کی موت پر ہمیں جو گہرا صدمہ پہنچا ہے اسے بیان کرنے کے لئے کوئی مناسب الفاظ نہیں ہیں۔ انگلینڈ کے سب سے بہترین بلے بازوں میں سے ایک، وہ کرکٹ کے خاندان کے ایک محبوب رکن تھے اور دنیا بھر کے شائقین کے درمیان عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی دنیا آج سوگ میں ہے۔ اس مشکل وقت میں ہمارے دل ان کی اہلیہ امانڈا، ان کے بچوں، والد جیف اور ان کے تمام اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔
Comments