وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا کہ ڈنمارک کی شپنگ اور لاجسٹکس کمپنی اے پی ملر مارک اے/ ایس، جسے عام طور پر مارسک کے نام سے جانا جاتا ہے، 2 بلین ڈالر کی ابتدائی سرمایہ کاری کے ساتھ پاکستان کے شپنگ کے شعبے میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اس سلسلے میں پاکستان اور ڈنمارک کی حکومتوں کے درمیان رواں ماہ کے آخری ہفتے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط متوقع ہیں۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ حکومت پاکستان کی جانب سے اس ایم او یو پر دستخط کریں گے۔

قیصر احمد شیخ نے ہفتہ کو اپنے کراچی کیمپ آفس میں صحافیوں کے ایک گروپ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈنمارک کی کمپنی پاکستان میں کاروبار کو وسعت دینے اور پاکستان شپنگ کے شعبے میں نئے منصوبے شروع کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑی پیش رفت ہے کہ یورپی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے آ رہی ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ زیادہ تر سرمایہ کاری مشرق وسطیٰ سے ہو رہی ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ میرسک انفرااسٹرکچر کی تعمیر، شپ بریکنگ، ٹرانس شپ اور کارگو ٹرانسپورٹیشن کے نئے منصوبے شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

وزیربحری امور نے کہا کہ ڈنمارک حکومت کے ساتھ ایم او یو پر دستخط رواں ماہ کے آخری ہفتے میں ہوں گے اور اس سال اکتوبر میں کام شروع ہونے کی امید ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یورپ سے مزید کمپنیاں اور سرمایہ کار پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے آئیں گے۔ خاص طور پر شپنگ، انفرااسٹرکچر، ٹرانسپورٹیشن اور دیگر شعبوں میں کاروبار کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت بحری امور بندرگاہوں سے ان کی منزلوں تک کارگو کی آسانی سے نقل و حمل کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو گہری سمندری بندرگاہوں اور مثالی جغرافیائی محل وقوع سے نوازا گیا ہے اورپاکستان نہ صرف اپنی مقامی مانگ بلکہ پڑوسی لینڈ لاکڈ وسطی ایشیائی ممالک کے لیے بھی سمندر سے آنے والے کارگو کو ہینڈل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت بحری امور پاکستان میں جہاز رانی کے کاروبار کو فروغ دینے کے لیے مختلف منصوبوں کام کر رہی ہے۔

کراچی پورٹ ٹرسٹ( کے پی ٹی) کے چیئرمین سید سیدین رضا زیدی اور چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی( پی کیو اے) ریئر ایڈمرل (ر) سید حسن ناصر شاہ نے بھی اپنی متعلقہ بندرگاہوں کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔

سید سیدین رضا زیدی نے کہا کہ 24-2023 میں کے پی ٹی میں کارگو ہینڈلنگ بڑھ کر 52 ملین ٹن ہوگئی ہے۔ مالی سال 24-2023 میں 10 ارب روپے کے بعد از ٹیکس منافع کے ساتھ کے پی ٹی کی آمدنی بڑھ کر 50 ارب روپے ہوگئی ہے۔

سید حسن ناصر شاہ نے کہا کہ پی کیو اے کی آمدنی 20 فیصد کی اوسط سالانہ شرح نمو کے ساتھ بڑھ رہی ہے۔ پی کیو اے نے 23-2022 میں 29 ارب روپے کے مقابلے میں 24-2023 میں 35 ارب روپے کمائے جبکہ رواں سال کے لیے آمدنی کا ہدف 40 ارب روپے سے زائد ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف