ایس اینڈ پی گلوبل: پاکستان کی ٹرپل سی پلس کریڈٹ ریٹنگ برقرار
- پاکستان کے ایکسٹرنل بفرز کو بحال کرنے کے لیے غیر ملکی فنڈز کی مضبوط آمد اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اعتدال کی ضرورت ہوگی، ریٹنگ ایجنسی
ایس اینڈ پی گلوبل نے پاکستان کی طویل مدتی کریڈٹ ریٹنگ “ٹرپل سی + کی توثیق کرتے ہوئے اسے برقرار رکھا ہے۔ ایس اینڈ پی کا کہناہے کہ طویل عرصے سے جاری معاشی بحران کے دوران قرضوں کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے پاکستان کا انحصار بیرونی امداد پر ہے۔
پاکستان نے رواں ماہ کے اوائل میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ 7 ارب ڈالر کا بیل آؤٹ معاہدہ کیا تھا تاکہ معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔
آئی ایم ایف کے ساتھ حالیہ معاہدے میں زرعی آمدنی پر ٹیکس بڑھانے جیسے سخت اقدامات شامل تھے ، جس میں سرکاری آمدنی کو بڑھانے اور مالی خسارے کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔
پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مجموعی مالیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین کے ساتھ بھی بات چیت کر رہا ہے۔
ریٹنگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ اگرچہ مستقبل قریب میں ڈیفالٹ کے خطرات میں کمی آئی ہے لیکن پاکستان کے ایکسٹرنل بفرز کو بحال کرنے کے لیے غیر ملکی فنڈز کی مضبوط آمد اور معتدل کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی ضرورت ہوگی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افراط زر کا مسلسل دباؤ اور معمولی معاشی سرگرمی حکومت کے وسیع مالیاتی خسارے کو مستحکم کرنے کے اقدامات پر عمل درآمد کو پیچیدہ بنا رہی ہے۔
ایس اینڈ پی نے متنبہ کیا کہ ایک مشکل سیاسی پس منظر معاشی ترقی کی رفتار کو سست کر سکتا ہے۔ ایجنسی نے پاکستان کی ساکھ کو ٹھیک کرنے کے لئے ایک مستحکم سیاسی ماحول کی ضرورت پر زور دیا۔ ایجنسی نے ملک کے مستحکم نقطہ نظر کی بھی تصدیق کی۔
آئی ایم ایف کے نئے معاہدے کے تحت بیرونی فنڈنگ کی زیادہ دستیابی کی بدولت اس سے قبل فچ نے بھی پیر کے روز پاکستان کی طویل مدتی فارن کرنسی ڈیفالٹ ریٹنگ (آئی ڈی آر) کو ’سی سی سی‘ سے ’سی سی سی پلس‘ میں اپ گریڈ کیا تھا۔
Comments