ہونڈا اٹلس کارز (پاکستان) لمیٹڈ (ایچ سی اے آر) کا بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) مالی سال 25-2024 کی 30 جون کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران تقریبا 40 فیصد اضافے کے ساتھ 202.63 ملین روپے رہا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 144.96 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ایچ سی اے آر کی جانب سے بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں دستیاب مالی گوشواروں کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران آٹوموبائل کمپنی کی فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 1.42 روپے رہی جو گزشتہ سال 1.02 روپے تھی۔

منافع میں اضافہ فروخت میں بڑے پیمانے پر اضافے سے منسلک کیا جاسکتا ہے۔

رواں سال اپریل سے جون کے دوران ایچ سی اے آر کی فروخت 324 فیصد کے نمایاں اضافے سے 15.97 ارب روپے رہی ، گزشتہ سال کی اسی مدت میں فروخت 3.77 ارب روپے تھی۔

بعدازاں کمپنی نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 1.01 ارب روپے کا مجموعی منافع ظاہر کیا جب کہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 148.4 ملین روپے کا مجموعی نقصان ہوا تھا۔ اس مدت کے دوران ایچ سی اے آر کا مجموعی مارجن پہلی سہ ماہی میں 6.3 فیصد رہا۔

دوسری جانب آٹوموبائل کمپنی کے انتظامی اخراجات میں اضافہ دیکھا گیا جو مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں 44 فیصد اضافے کے ساتھ 392.15 ملین روپے رہا جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 271.92 ملین روپے تھا۔

تاہم ایچ سی اے آر کی دیگر آمدنی میں تقریباً 62 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو پہلی سہ ماہی میں 343.77 ملین روپے رہی جبکہ 24 کی پہلی سہ ماہی میں یہ 902.69 ملین روپے تھی۔

آٹومیکر کی فنانس لاگت میں بھی 557 فیصد کا تیزی سے اضافہ دیکھا گیا جو مالی سال 25 کی پہلی سہ ماہی میں 287.09 ملین روپے رہا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ 43.67 ملین روپے تھا۔ فنانس کی لاگت میں اضافے کی وجہ اس مدت کے دوران شرح سود میں اضافہ ہے۔

تاہم کمپنی مالی سال 2025 ء کی پہلی سہ ماہی میں 383.3 ملین روپے کا قبل از ٹیکس منافع (پی بی ٹی) حاصل کرنے میں کامیاب رہی جو سالانہ 43 فیصد زیادہ ہے۔

1992 میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر پاکستان میں قائم ایچ سی اے آر نے 1994 میں اپنے کمرشل آپریشنز کا آغاز کیا ۔ یہ کمپنی ہونڈا موٹر کمپنی لمیٹڈ، جاپان اور اٹلس گروپ آف کمپنیز، پاکستان کے مشترکہ منصوبے کے نتیجے میں قائم کی گئی تھی۔

کمپنی ہونڈا کی گاڑیوں اور اسپیئر پارٹس کی اسمبلی اور پروگریسو مینوفیکچرنگ کی فروخت میں مصروف ہے۔

Comments

200 حروف