پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان کو ورک لوڈ کے خدشات کے باعث کینیڈا میں ہونے والے گلوبل ٹی ٹوئنٹی میں کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو انگلینڈ میں ہونے والے دی ہنڈریڈ مقابلوں میں کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔
پی سی بی نے جمعے کی شب اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے مصروف کرکٹ کیلنڈر کو مدنظر رکھتے ہوئے تینوں کھلاڑیوں اور قومی سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کے بعد ان کی درخواستیں مسترد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے آل فارمیٹ کے کرکٹرز ہونے کی وجہ سے آئندہ آٹھ ماہ میں تینوں کھلاڑیوں کی خدمات قومی ٹیم کو درکار ہوں گی جس کے دوران پاکستان 9 ٹیسٹ، 14 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گا۔
ذرائع نے کہا کہ پی سی بی کی ورک لوڈ مینجمنٹ پالیسی کے مطابق یہ پاکستان کرکٹ اور کھلاڑیوں کے بہترین مفاد میں ہے کہ وہ کینیڈا میں ہونے والے ایونٹ میں شرکت نہ کریں تاکہ وہ سیزن کے لیے اپنی بہترین ذہنی اور جسمانی حالت میں ہوں۔
پاکستان آئندہ ماہ بنگلہ دیش کیخلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ساتھ اپنے ہوم سیزن کا آغاز کرے گا۔
آصف علی، افتخار احمد، محمد عامر اور محمد نواز کو اگلے ہفتے سے شروع ہونے والے گلوبل ٹی ٹوئنٹی کے لیے اجازت دے دی گئی ہے۔
Comments