تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے جمعے کو وفاقی حکومت کے ساتھ معاہدہ طے پانے کے بعد اسلام آباد کے علاقے فیض آباد میں اپنا کئی دنوں سے جاری دھرنا ختم کردیا۔

ٹی ایل پی کا یہ فیصلہ حکومت کی جانب سے اس یقین دہانی کے بعد سامنے آیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کی مدد کے لیے کوششیں تیز کرے گی جنہیں گزشتہ سال اکتوبر میں جھڑپ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیلی مظالم کا سامنا ہے۔

ٹی ایل پی نے مسلم لیگ ن کی زیر قیادت حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی مصنوعات کا باضابطہ بائیکاٹ کرے اور فلسطینیوں کو خوراک اور طبی امداد بھیجے۔ پارٹی نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو ”دہشت گرد“ قرار دے۔

اسلام آباد میں تحریک لبیک کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور وزیر اطلاعات رانا ثناء اللہ نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تحریک لبیک پاکستان کے جذبے کو سراہا اور یقین دلایا کہ حکومت اسرائیل کے حملے کے باوجود فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت فلسطین کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی اور ٹی ایل پی سے بھی اس میں مدد کرنے کو کہے گی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پھلوں اور ادویات پر مشتمل 1,000 ٹن سے زیادہ امدادی سامان کی کھیپ 31 جولائی سے پہلے فلسطین روانہ کر دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل سے وابستہ تمام کمپنیوں کا بائیکاٹ کیا جائے گا اور اس حوالے سے ایک کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔

Comments

200 حروف