فچ سلوشنز کمپنی بی ایم آئی کے اندازے کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) رواں سال یعنی 2024 کے اختتام تک اپنی بنیادی پالیسی ریٹ کو کم کرکے 16 فیصد اور 2025 کے آخر تک اسے مزید کم کرکے 14 فیصد کر دے گا۔

اس وقت بنیادی پالیسی ریٹ 20.5 فیصد ہے۔

15 جولائی کو شائع ہونے والی اپنی ’پاکستان کنٹری رسک رپورٹ‘ میں بی ایم آئی نے کہا کہ “ہمارا خیال ہے کہ اسٹیٹ بینک 2024 کے آخر تک اپنی پالیسی ریٹ کو کم کرکے 16.00 فیصد کر دے گا کیونکہ ہمیں توقع ہے کہ افراط زر 5-7 فیصد کے ہدف کی شرح کی طرف نیچے کا سفر جاری رہے گا اور روپیہ پورے وقت مستحکم رہے گا۔

ریسرچ کمپنی کا کہنا تھا کہ اسے ہمیشہ سے توقع تھی کہ اسٹیٹ بینک اس سال پالیسی میں نرمی کرے گا اور پالیسی سازوں نے اپنی پہلی کٹوتی پہلے ہی کر لی ہے ، جو اندازے سے کہیں زیادہ ہے۔

10 جون 2024 کو اسٹیٹ بینک نے اپنی پالیسی ریٹ کو 150 بیسس پوائنٹس (بی پی ایس) کی کمی کر کے 20.5 فیصد کر دیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہمیں توقع ہے کہ سال کے بقیہ حصے میں افراط زر کی شرح میں کمی جاری رہے گی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ سست روی کی ایک اہم وجہ خوراک کی قیمتوں میں تیزی سے کمی ہے۔ افراط زر کی شرح پالیسی سازوں کی توقع سے کہیں زیادہ کم ہوئی، جو اپریل میں سالانہ 17.3 فیصد سے کم ہو کر مئی میں 11.8 فیصد رہ گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم اب بھی توقع کرتے ہیں کہ افراط زر پورے سال سست روی کا شکار رہے گا، جو مئی میں 11.8 فیصد سے گھٹ کر دسمبر میں 6.2 فیصد ہو جائے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے افراط زر میں دوبارہ اضافے کا خطرہ ہے ، مانیٹری پالیسی کمیٹی نے کہا ہے کہ ’پہلے مانیٹری سختی کے مجموعی اثرات سے افراط زر کے دباؤ کو قابو میں رکھنے کی توقع ہے۔‘

کرنسی کے محاذ پر، بی ایم آئی کو توقع ہے کہ پاکستانی روپیہ سال کے بقیہ حصے میں کافی مستحکم رہے گا، جس سے شرح سود میں کمی کے لئے مزید گنجائش مل جائے گی.

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ سے پاکستانی روپیہ 278 روپے فی امریکی ڈالر کے آس پاس رہا ہے اور ہمیں توقع ہے کہ 2024 کے بقیہ عرصے کے دوران روپیہ قدرے کمزور ہو کر 290 روپے فی امریکی ڈالر تک گر جائے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر افراط زر کی شرح سست ہوتی رہی تو پالیسی سازوں کی حوصلہ افزائی ہو گی کہ وہ اپنے بنیادی پالیسی ریٹ میں کمی کریں تاکہ حقیقی شرحوں میں تکلیف دہ اضافے کو روکا جا سکے۔

بی ایم آئی نے کہا کہ حقیقی شرح سود اپریل میں 4.6 فیصد سے بڑھ کر مئی میں 10.2 فیصد ہوگئی اور اس سے سرمایہ کاری اور اسی طرح ترقی پر اثر پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر پالیسی ریٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاتی ہے تو ہم توقع کرتے ہیں کہ سال کے بقیہ حصے میں حقیقی شرح سود 15 فیصد سے زیادہ ہوجائے گی۔

مزید برآں، ہم توقع کرتے ہیں کہ امریکی فیڈ ستمبر میں اپنی کٹوتی کا عمل شروع کرے گا، جس سے اسٹیٹ بینک کو آنے والے مہینوں میں شرح سود میں کمی کرنے کے لئے مزید گنجائش پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

بی ایم آئی کو توقع ہے کہ اسٹیٹ بینک اپنی اگلی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے اجلاس میں بنیادی پالیسی ریٹ میں کمی کرے گا۔

ہمیں یقین ہے کہ پالیسی ساز افراط زر کے ساتھ پالیسی ریٹ کو ایڈجسٹ کریں گے۔

طویل مدتی شرح سود کے حوالے سے بی ایم آئی کو توقع ہے کہ اسٹیٹ بینک کے پالیسی ساز 2025 کے اختتام تک پالیسی ریٹ 14.00 فیصد تک کم کرینگے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جیسے جیسے افراط زر میں کمی آئے گی، ہم سمجھتے ہیں کہ پالیسی ساز آہستہ آہستہ اپنی بنیادی پالیسی ریٹ میں کمی کریں گے تاکہ حقیقی شرحوں کو کم کیا جا سکے، جو ہمارے خیال میں 2024 میں تیزی سے بڑھے گی۔

تاہم توقع سے زیادہ تیزی سے افراط زر کے خطرات پالیسی سازوں کو اپنی نرمی کو سست کرنے کا سبب بنیں گے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 25 کے بجٹ اقدامات اور توانائی کے نرخوں میں ایڈجسٹمنٹ سے قلیل مدتی افراط زر میں تیزی سے اضافہ ہوسکتا ہے اور پالیسی سازوں کو شرح سود میں کمی کرنے سے روکا جاسکتا ہے۔

Comments

200 حروف