یوم عاشور کے موقع پر پاکستان کے مختلف شہروں میں جلوس نکالے گئے جس میں نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی ﷲ عنہ اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

اس موقع پر پاکستان آرمی کے دستے اور سول آرمڈ فورسز کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے تعینات کیا گیا ۔

اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہدائے کربلا نے امت مسلمہ کو ہر قسم کے ظلم و بربریت کا مقابلہ کرتے ہوئے ثابت قدم رہنے اور تمام برائیوں کے خلاف آواز بلند کرنے کا سبق دیا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق صدر زرداری نے کربلا کے واقعے سے سبق سیکھتے ہوئے اتحاد اور ظلم و برائی کی قوتوں کا ثابت قدمی سے مقابلہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے شہدائے کربلا کے حوصلے سے ترغیب حاصل کرنے اور آزمائشوں میں ثابت قدم رہنے کا پیغام دیا۔

انہوں نے ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے مساوات، رواداری، اتحاد اور نظم و ضبط کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔

مزید برآں کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا اور ایم اے جناح روڈ، تبت سینٹر سیمت مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اپنی منزل حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

لاہور کا مرکزی جلوس صبح سویرے نثار حویلی محلہ چِلّہ بیبیاں سے برآمد ہو کر کربلا گمے شاہ امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوا

اسلام آباد میں عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول سے شروع ہو کر امام بارگاہ قدیمی پر اختتام پذیر ہوا۔

Comments

200 حروف