پاکستان

60 ارب ڈالر کے برآمدی ہدف کا حصول، درآمدی محصولات کو معقول بنانے پر بات چیت شروع

  • وزارت تجارت کا برآمدات میں اضافے سے متعلق سفارشات کو وفاقی بجٹ کا حصہ نہ بنانے پر وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے خلاف اظہار برہمی
شائع July 16, 2024

وزیر تجارت جام کمال کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کمیٹی نے 60 ارب ڈالر کے برآمدی ہدف کے حصول کیلئے درآمدی محصولات کو معقول بنانے پر غور شروع کر دیا ہے۔

3 جولائی 2024 کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے پہلے اجلاس کے دوران وزارت تجارت نے برآمدات میں اضافے سے متعلق سفارشات کو وفاقی بجٹ 25-2024 کا حصہ نہ بنانے پر وزارت خزانہ اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے خلاف برہمی کا اظہار کیا، اس حقیقت کے باوجود کہ یہ سفارشات پہلے ہی ٹیرف پالیسی بورڈ (ٹی پی بی) سے گزر چکی ہیں، جو ایک بین الوزارتی ادارہ ہے جو اشیاء پر ٹیرف پر نظر ثانی کے فیصلے کرتا ہے۔

وزارت تجارت کے ایڈیشنل سیکرٹری انچارج احسن منگی نے سینیٹر انوشہ رحمن خان کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو بتایا کہ انہوں نے یہ مسئلہ وزیراعظم کے ساتھ اٹھایا ہے۔ وزیراعظم نے برآمدات میں کمی کے تمام پہلوؤں پر غور اور فیصلہ کرنے کیلئے اپنی سفارشات ان کے سامنے رکھنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے۔

پیر کو وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے تشکیل دی گئی اعلیٰ سطحی کمیٹی کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کی جس میں ٹیرف ریشنلائزیشن پر توجہ مرکوز کی گئی جس کا مقصد 28-2027 تک 60 ارب ڈالر کا برآمدی ہدف حاصل کرنا ہے۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق، کام کی پیچیدگی اور وسیع گنجائش کو تسلیم کرتے ہوئے، وزیر تجارت نے اس عمل کو تیز کرنے کے لیے تین ذیلی کمیٹیاں تشکیل دیں۔ ان ذیلی کمیٹیوں کو مرکزی کمیٹی کو تفصیلی سفارشات فراہم کرنے کا کام سونپا گیا ہے، جو اس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کو حتمی رپورٹ پیش کرے گی۔

اجلاس کے دوران وزیر تجارت نے اس موضوع کی تکنیکی نوعیت اور نجی اور سرکاری دونوں شعبوں کے ماہرین کے ساتھ جامع مشاورت کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ”موضوع کی پیچیدگی کو دیکھتے ہوئے، ہمیں تمام اسٹیک ہولڈرز کی رائے کو شامل کرتے ہوئے، مکمل غور و فکر کے لیے کافی وقت درکار ہے،“

سرکاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اجلاس میں صنعت و پیداوار کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور وزیر مملکت برائے خزانہ، محصولات اور بجلی علی پرویز ملک کی جانب سے تعاون بھی دیکھا گیا، دونوں نے وزیر تجارت کے نقطہ نظر سے اتفاق کیا۔

انہوں نے مخصوص شرائط (ٹی او آرز) کیلئے مختلف شعبوں کے تکنیکی ماہرین کے ورکنگ گروپس بنانے کی تجویز پیش کی۔ اجلاس میں متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور مرکزی کمیٹی کے دیگر اراکین نے زوم لنک کے ذریعے شرکت کی۔

کمیٹی کے ٹی او آرز میں موجودہ تجاویز کا جائزہ لینا، مختصر سے طویل مدتی ٹیرف کو درست کرنے کے اقدامات تجویز کرنا، اور برآمدی ہدف تک پہنچنے کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کرنا شامل ہے۔ وزارت تجارت اس کمیٹی کے سیکرٹریٹ کے طور پر کام کرے گی، جو دو ہفتوں میں اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے گی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف