پاکستان کے سب سے بڑے ٹیکسٹائل مینوفیکچررز میں سے ایک سیفائر فائبرز لمیٹڈ (ایس ایف ایل) نے بجلی کے شعبے میں اپنا اثرورسوخ بڑھانے کے لیے متحدہ عرب امارات اور نیدرلینڈز کی کمپنیوں کے ساتھ اہم معاہدے کیے ہیں۔
دھاگے، کپڑے اور گارمنٹس بنانے والی کمپنی نے پیر کواسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
سفائر فائبرز لمیٹڈ نے یو پی ایل ایچ سی 1 لمیٹڈ اور یو پی ایل ایچ سی 2 لمیٹڈ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں شامل دونوں کمپنیاں یو سی ایچ پاور (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے 50 فیصد حصص حاصل کریں گی جو مکمل طور پر یو پی ایل ایچ سی 1 لمیٹڈ اور یو پی ایل ایچ سی 2 لمیٹڈ کی ملکیت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے کنسورشیم پارٹنر نے یو سی ایچ پاور (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے بقیہ 50 فیصد حصص حاصل کرنے کے لئے اسی طرح کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
یو سی ایچ پاور لمیٹڈ 586 میگاواٹ گیس پر مبنی پاور پلانٹ ہے جو ڈیرہ مراد جمالی، بلوچستان میں واقع ہے۔
اسی طرح ایس ایف ایل نے نیدرلینڈز میں قائم کمپنی انٹرنیشنل پاور یو سی ایچ ہولڈنگز بی وی کے ساتھ یو سی ایچ ٹو پاور (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے 50 فیصد حصص حاصل کرنے کا معاہدہ کیا ہے جو مکمل طور پر انٹرنیشنل پاور یو سی ایچ ہولڈنگز بی وی کی ملکیت ہے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ ہمارے کنسورشیم پارٹنر نے یو سی ایچ ٹو پاور (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے بقیہ 50 فیصد حصص کے حصول کے لیے اسی طرح کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
یو سی ایچ ٹو پاور (پرائیوٹ) لمیٹڈ 404 میگاواٹ کا گیس پر مبنی پاور پلانٹ ہے جو ڈیرہ مراد جمالی، بلوچستان میں واقع ہے۔
دریں اثنا ایس ایف ایل نے اپنے نوٹس میں بتایا کہ معاہدوں میں مجوزہ ٹرانزیکشنز کی تکمیل مذکورہ معاہدوں میں طے شدہ شرائط کی تکمیل اور مطلوبہ منظوریوں کی وصولی سے مشروط ہے۔
ایس ایف ایل، سیفائر گروپ کا ایک حصہ ہے، اپنے تین پیداواری پلانٹس میں دھاگے، کپڑے اور ملبوسات تیار اور فروخت کرتا ہے، جن میں سے دو شیخوپورہ اور ایک لاہور میں واقع ہے۔
Comments