ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: فائنل میں بھارت کیخلاف پاکستان کی شکست پرسوشل میڈیا صارفین کا ردعمل
انڈیا چیمپئنز نے ہفتے کو ایجبسٹن میں کھیلے گئے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے فائنل میں پاکستان چیمپئنز کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر ایونٹ کا افتتاحی ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
پاکستان کے کپتان یونس خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔
شعیب ملک (41)، کامران اکمل (24)، اور صہیب مقصود (21) رنز بناکر نمایاں رہے، ان کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بلے باز 20 رنز کے ہندسے تک نہ پہنچ سکا۔ پاکستان ٹیم کو اس سے بھی کم اسکور تک محدود کیا جاسکتا تھا تاہم سہیل تنویر نے اختتامی اوورز میں 9 گیندوں پر 19 رنز بناکر اسکور 156 تک پہنچایا۔
جواب میں بھارت نے 19.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرتے ہوئے فتح اپنے نام کی۔ امباتی رائیڈو نے بھارت کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے صرف 30 گیندوں پر 50 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔
ٹیم کی شکست پر سوشل میڈیا صارفین کا ردعمل یہ ہے۔
پاکستان کے سابق ٹیسٹ بالر تنویر احمد نے کہا ہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹیم کے اسکواڈ میں کچھ فٹ اور موجودہ کھلاڑی شامل تھے لیکن اس کے باوجود وہ بھارت کے خلاف فائنل میں ناکام رہے۔
دریں اثنا احتشام ریاض نامی ایکس صارف نے شعیب ملک کو شکست کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خراب اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ بیٹنگ کی اور فیلڈنگ کے دوران ایک اہم کیچ چھوڑا۔
ایک اور صارف جو بظاہر بابر اعظم کے مداح ہیں نے پاکستان چیمپئنز کی شکست کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امریکہ اور بھارت کے خلاف قومی ٹیم کی شرمناک شکست سے جوڑنے کی کوشش کی۔
Comments