امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو انتخابی ریلی کے دوران قتل کرنے کی کوشش کرنے والے ملزم کی شناخت 20 سالہ تھامس میتھیو کروکس کے نام سے کی ہے۔

امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر بٹلر میں ٹرمپ کی تقریر کے دوران ان پر مبینہ طور پر فائرنگ کرنے کے چند سیکنڈ بعد سیکرٹ سروس نے مشتبہ شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ وہ اس حملے کے محرکات کا تعین کرنے کے لیے کام کر رہی ہے جس میں ریلی میں شریک ایک شخص ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوئے تھے۔

ٹرمپ کو کان پر گولی ماری گئی۔

ریاستی رائے دہندگان کے ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ کروکس ایک رجسٹرڈ ریپبلکن تھا۔

5 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں پہلی بار کروکس کی عمر صدارتی دوڑ میں ووٹ ڈالنے کے قابل ہوتی۔ کروکس بٹلر میں فائرنگ کے مقام سے تقریبا ایک گھنٹے سفر کے فاصلے پر رہائش پذیر تھا۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے اتوار کے روز کہا کہ اس نے ’خصوصی سیکورٹی وجوہات‘ کی بنا پر بیتھل پارک کی فضائی حدود بند کردی ہے۔

2021 کے فیڈرل الیکشن کمیشن کی فائلنگ کے مطابق جب کروکس 17 سال کا تھا تو اس نے بائیں بازو کی جانب جھکاؤ رکھنے والے اور ڈیموکریٹس کے سیاست دانوں کے لیے رقم جمع کرنے والی سیاسی ایکشن کمیٹی ایکٹ بلیو کو 15 ڈالر کا عطیہ دیا تھا۔

یہ عطیات پروگریسو ٹرن آؤٹ پروجیکٹ کے لیے مختص کیے گئے تھے جو ایک قومی گروپ ہے جو ڈیموکریٹس کی انتخابی مہم چلاتا ہے۔

ان گروپوں نے فوری طور پر تبصرہ کرنے کے لئے رائٹرز کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

کروکس کے والد 53 سالہ میتھیو کروکس نے سی این این کو بتایا کہ وہ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کیا ہوا اور وہ اپنے بیٹے کے بارے میں بات کرنے سے پہلے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بات کرنے تک انتظار کریں گے۔

پٹسبرگ ٹریبیون ریویو کے مطابق تھامس کروکس نے 2022 میں بیتھل پارک ہائی اسکول سے گریجویشن کیا تھا۔

اخبار کے مطابق کروکس کو نیشنل میتھ اینڈ سائنس انیشییٹو کی جانب سے 500 ڈالر کا ’اسٹار ایوارڈ‘ دیا گیا۔

نیو یارک ٹائمز کے ذریعے ملنے والی 2022 کی گریجویشن تقریب کی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کروکس اپنا ہائی اسکول ڈپلومہ حاصل کرتے ہوئے تالیاں بجا رہا ہے۔

آن لائن پوسٹ کی گئی اس تقریب کی ویڈیو میں سیاہ گریجویشن گاؤن میں چشمہ پہنے کروکس کو ایک اسکول کے اہلکار کے ساتھ پوز دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز فوری طور پر اس ویڈیو کی تصدیق نہیں کر سکا۔

قانون نافذ کرنے والے حکام نے ہفتے کے روز کہا کہ کروکس فائرنگ کے مقام پر اپنے ساتھ کوئی بھی شناختی دستاویز نہیں لایا تھا اور ہم نے اسے دیگر طریقوں کا استعمال کرتے ہوئے شناخت کیا۔

ایف بی آئی کے اسپیشل ایجنٹ انچارج کیون روزیک نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم ابھی تصاویر دیکھ رہے ہیں اور ہم اس کے ڈی این اے اور بائیو میٹرک کی تصدیق حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یو ایس اے ٹوڈے نے خبر دی ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کی درجنوں گاڑیاں کروکس کے ووٹر رجسٹریشن ریکارڈ پر درج رہائشی پتے پر ایک رہائش گاہ کے باہر کھڑی تھیں۔

یو ایس اے ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق شراب، تمباکو، آتشیں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کے بیورو کے ایجنٹ موقع پر موجود تھے اور بم اسکواڈ کروکس کی رہائش گاہ پر موجود تھا۔

اتوار کے روز مشتبہ شخص کی رہائش گاہ کے احاطے پر پیلے رنگ کی پولیس وارننگ ٹیپ لگادی گئی ہے۔

ایلیگینی کاؤنٹی پولیس کی ایک گاڑی باہر کھڑی تھی۔ اس علاقے سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ ڈین مالونی نے یو ایس اے ٹوڈے کو بتایا کہ یہ پاگل پن ہے کہ کوئی بھی ایسا کرے گا۔

رائٹرز فوری طور پر کروکس کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس یا دیگر آن لائن پوسٹوں کی نشاندہی نہیں کرسکا۔

فیس بک اور انسٹاگرام کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے فوری طور پر اس سوال کا جواب نہیں دیا کہ پلیٹ فارمز نے مشتبہ شخص سے متعلق کوئی اکاؤنٹ ہٹادیا ہے۔

Comments

200 حروف