پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعرات کو اتار چڑھاؤ کا رحجان دیکھنے میں آیا اور اس کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 150 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ بند ہونے سے قبل شدید اتار چڑھاؤ کا شکار رہا۔

سیشن کے آغاز سے ہی کے ایس ای 100 میں ملا جلا کاروبار دیکھنے میں آیا۔ انڈیکس انٹرا ڈے کی کم ترین 79,708.87 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا جبکہ انٹرا ڈے کی بلند ترین سطح 80,114.73 رہی۔

تاہم کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 150.80 پوائنٹس یا 0.19 فیصد اضافے کے ساتھ 79,992.35 پوائنٹس پر بند ہوا۔

بروکریج ہاؤس اسماعیل اقبال سیکورٹیز نے اپنی پوسٹ مارکیٹ رپورٹ میں کہا کہ بینچ مارک انڈیکس آج ایک مثبت نوٹ پر بند ہوا ہے تاہم یہ پورے سیشن میں کم حجم کے ساتھ اتار چڑھاؤ کا شکار رہا جس کی بنیادی وجہ آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پیکج کو حتمی شکل دینے سے متعلق غیر یقینی صورتحال رہی۔

ایک اور بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ نے ملا جلا رحجان دکھایا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ مارکیٹ کی مثبت رفتار کو چلانے والے میں کھاد ، توانائی، آئی ٹی، اور بینکنگ جیسے شعبے شامل تھے جنہیں ایف ایف سی،ایچ یو بی سی، ایس وائی ایس، ایچ بی ایل اور این بی پی جیسی کمپنیوں سے مدد ملی جنہوں نے انڈیکس میں مجموعی طور پر 337 پوائنٹس کا اضافہ کیا۔

بدھ کے روز کے ایس ای 100 ایک فیصد سے زائد کی کمی کے ساتھ 80 ہزار سے نیچے بند ہوا تھا۔

ایک اہم پیش رفت میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف جمعرات کو دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے۔

دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ دونوں ممالک کے حکومتی سربراہان دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے باہمی دلچسپی کے شعبوں پر وسیع پیمانے پر بات چیت کریں گے۔ اس دورے کے دوران کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہونے کی توقع ہے۔

دریں اثنا انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.04 فیصد کی معمولی کمی دیکھی گئی۔ کاروبار کے اختتام پر مقامی کرنسی 11 پیسے کمی کے بعد 278 روپے 61 پیسے پر بند ہوئی۔

آل شیئر انڈیکس کا حجم گزشتہ سیشن 495.91 ملین سے کم ہو کر 389.02 ملین ہو گیا۔

حصص کی مالیت گزشتہ سیشن کے 22.21 ارب روپے سے گھٹ کر 20.92 ارب روپے ہوگئی۔

ایگریٹیک لمیٹڈ 22.04 ملین شیئرز کے ساتھ والیم لیڈر رہی۔ اس کے بعد حب پاور کمپنی 18.62 ملین شیئرز کے ساتھ دوسرے اور ایئر لنک کمیونیکیش 16.81 ملین شیئرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

جمعرات کو 445 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 181 کے بھاؤ میں اضافہ، 212 میں کمی جبکہ 52 کے بھاؤ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

Comments

200 حروف