آذربائیجان کے صدر الہام علیوف دو روزہ سرکاری دورے پر جمعرات کو پاکستان پہنچ گئے۔

آذر بائیجان کے صدر کا استقبال وزیر اعظم شہباز شریف نے کیا۔

اپنے دورے کے دوران صدر علیوف صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے۔

قبل ازیں دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ دونوں جانب کے حکومتی سربراہان باہمی دلچسپی کے شعبوں پر وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کریں گے تاکہ دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کیا جاسکے۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ دورے کے دوران متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ آذربائیجان کے صدر کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعاون اور قیادت کی سطح پر بات چیت کی عکاسی کرتا ہے۔

بدھ کو وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان میں 2 سے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر غور کر رہا ہے۔

ایک نجی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ آذربائیجان تیل اور گیس سمیت معدنیات کے شعبے میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آذربائیجان تیل اور گیس کی تلاش کے شعبے پر توجہ دے رہا ہے اور ایل این جی کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

گزشتہ ہفتے آذربائیجان کے نائب وزیر خارجہ سمیر شریفوف پاکستان پہنچے تھے اور انہوں مختلف وزراء بشمول توانائی (بجلی و پٹرولیم) کے وزراء سے ملاقاتیں کیں جبکہ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے بھی ملاقات کی تھی۔

30 مئی کو دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مضبوط عزم کا اظہار کیا۔

میڈیا کو جاری بیان میں دفتر خارجہ نے کہا کہ آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔

دفتر خارجہ نے بتایا کہ انھوں نے دو طرفہ تعلقات پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

Comments

Comments are closed.