وزیراعظم شہباز شریف نے ویب بیسڈ ون کسٹمز (ویبوک) سسٹم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے امور کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

جس میں انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں جاری تمام اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبوں کو ایک چھتری تلے لایا جائے۔

ویبوک ایک مقامی طور پر تیار کردہ، ویب پر مبنی کمپیوٹرائزڈ کلیئرنس سسٹم ہے، جو درآمدی اور برآمدی سامان کی خودکار کسٹم کلیئرنس فراہم کرتا ہے۔ مئی میں ایف بی آر نے ویبوک کسٹمز کلیئرنس سسٹم کو نئے کسٹمز ڈیجیٹل مینجمنٹ سسٹم سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اجلاس کے دوران حکام نے وزیراعظم کو بتایا کہ مالی سال 24-2023 کے دوران 72.4 فیصد درآمدات اور برآمدات کو گرین چینل کے ذریعے کلیئر کیا گیا۔

وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ جولائی 2023 سے جون 2024 تک پاکستان کسٹمز نے ویلیو ایشن کنٹرول کے ذریعے 240 ارب روپے کی اضافی آمدنی حاصل کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات اور مکمل ڈیجیٹلائزیشن ہماری معاشی بقا کا مسئلہ ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایف بی آر اور دیگر اداروں میں جاری اصلاحاتی منصوبوں کا ہر سطح پر تھرڈ پارٹی آڈٹ یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ پاکستان کی تمام بندرگاہوں پر کسٹم آپریشن کو شفاف اور کرپشن فری بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

وزیراعظم نے کسٹمز سسٹم میں اصلاحات کے حوالے سے جاری منصوبے کے لئے فوری طور پر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ غلط معلومات سے متعلق تمام مسائل حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی صنعت اور مصنوعات کے تحفظ کے لیے انڈر انوائسنگ کا خاتمہ کیا جائے۔

دریں اثناء وزیراعظم نے شپنگ سیکٹر کو چلانے کے لئے ریگولیٹری فریم ورک بنانے کی بھی ہدایت کی۔

Comments

Comments are closed.