ریڈیو پاکستان کے مطابق وفاقی کابینہ نے بدھ کے روز پاکستان میں قانونی طور پر مقیم 1.45 ملین افغان مہاجرین اور جن کے پی او آر کارڈز کی میعاد گزشتہ ماہ ختم ہو گئی تھی، کے پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈز کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دی۔

پی او آر کارڈز میں 30 جون 2025 تک توسیع دی گئی ہے۔

یہ پیش رفت اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این جی سی آر) فلیپو گرینڈی کی وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے۔

ملاقات کے بعد ایکس پر حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ وزیر اعظم نے چار دہائیوں سے زائد عرصے سے افغان مہاجرین کی میزبانی میں پاکستان کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی کی حمایت کو سراہا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ متعدد چیلنجز کے باوجود پاکستان نے مثالی احترام اور وقار کے ساتھ افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بین الاقوامی برادری کو اس سلسلے میں پاکستان کو درپیش سماجی و اقتصادی چیلنجز اور سلامتی کے خطرات سے آگاہ رہنے کی ضرورت ہے۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر نے یقین دلایا کہ یو این ایچ سی آر افغان مہاجرین کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

Comments

Comments are closed.