ڈاؤن سائزنگ کے عمل کی نگرانی خود کرونگا، وزیراعظم
- شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے دوران ہونے والے اجلاسوں اور معاہدوں پر متعلقہ وزارتوں کی جانب سے فالو اپ میں تاخیر کی اجازت نہیں دیں گے، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ سرکاری شعبے کے حجم میں کمی اور رائٹ سائزنگ کے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے اور اس سلسلے میں کسی بھی تاخیری حربے کو برداشت نہیں کریں گے۔
وفاقی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس کے دوران ہونے والے اجلاسوں اور معاہدوں پر متعلقہ وزارتوں کی جانب سے فالو اپ میں تاخیر کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی تعاون پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران صوبوں کے ساتھ سیکیورٹی پلان کو مربوط کیا جائے۔
وزیر اعظم نے قومی اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور ملک کو صحیح سمت میں لے جانے کے لئے گہری ساختی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔
کم آمدنی والے گھرانوں کے لئے توانائی سبسڈی پیکج کے اعلان کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ سے 50 ارب روپے کی کٹوتی کی گئی ہے تاکہ 200 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کو تین ماہ تک ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا، “اس مدت کے دوران، میں اضافی اقدامات کے ذریعے بڑے پیمانے پر مالی گنجائش نکالنے کے لئے تیار ہوں۔
دریں اثناء وزیراعظم نے کہا کہ وزارت خزانہ کو بزنس ماڈل تیار کرنے کی ہدایات کی ہیں جبکہ کراچی پورٹ پر کرپشن کی روک تھام کے اقدامات پر عمل درآمد جاری ہے۔
Comments