اسٹاک ایکسچینج، سیشن میں معطلی کے باوجود 100 انڈیکس بلند ترین سطح پر بند
- آگ کی وجہ سے دو گھنٹے سے زیادہ وقت تک مارکیٹ معطل رہی، جس کے نتیجے میں حجم کم ہوا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں آتشزدگی کے واقعے کے باعث کاروبار دو گھنٹے سے زائد عرصے تک رک گیا تاہم 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
کاروبار کے پہلے گھنٹے کے دوران انڈیکس مستحکم رہا ، بعدازاں مارکیٹ میں صبح 10:25 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک کاروبار معطل رہا ،کیونکہ مرکزی عمارت میں آگ لگ گئی جہاں متعدد بروکریج ہاؤسز کے دفاتر ہیں۔
تاہم کاروبار دوبارہ شروع ہونے کے بعد تیزی بحال ہوئی اور 100 انڈیکس 524.92 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 80 ہزار 737.71 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 353.41 پوائنٹس یا 0.44 فیصد اضافے کے ساتھ 80,566.21 کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں اور او ایم سیز سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔
او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی ایس او، شیل، ایچ بی ایل اور این بی پی سمیت انڈیکس ہیوی اسٹاکس میں تیزی رہی۔
گزشتہ ہفتے کے دوران اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا اور مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے جارحانہ خریداری کی وجہ سے یہ اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ہفتہ وار بنیادوں پر 1767.83 پوائنٹس کے اضافے سے 80 ہزار 212.79 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح عبور کرکے بند ہوا۔
پیر کے روز عالمی سطح پر ایشیائی حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا کیونکہ سرمایہ کار ستمبر میں امریکی شرح سود میں کٹوتی کے بارے میں زیادہ پراعتماد ہوگئے جبکہ فرانسیسی انتخابات کی وجہ سے یورو سیاسی غیر یقینی صورتحال سے دوچار تھا۔
فرانس میں بائیں بازو کے اتحاد نے غیر متوقع طور پر انتہائی دائیں بازو سے آگے نکل کر بہتر پوزیشن حاصل کر لی ہے، جو میرین لی پین کی نیشنل ریلی (آر این) کو حکومت چلانے سے روکنے کے لیے بنایا گیا تھا۔
انتہائی دائیں بازو کی ہار سرمایہ کاروں کے لیے ایک ریلیف کی بات ہے، حالانکہ انہیں یہ خدشات بھی ہیں کہ بائیں بازو کے منصوبے صدر ایمانوئل میکرون کی مارکیٹ کی حامی اصلاحات کو ختم کر سکتے ہیں۔
جاپان سے باہر ایشیا بحرالکاہل کے حصص کا ایم ایس سی آئی کا وسیع ترین انڈیکس 0.1 فیصد بڑھ گیا جو گزشتہ ہفتے دو سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
دریں اثنا پیر کے روز انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اہم پیش رفت میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سی ای او اور منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدوں سے استعفیٰ دینے والے فرخ ایچ خان ٹیلی کام آپریٹر جاز میں چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) کے طور پر شامل ہونے کے لئے تیار ہیں۔
آل شیئر انڈیکس کا حجم گزشتہ سیشن کے 448.98 ملین سے کم ہو کر 261.6 ملین رہ گیا۔
حصص کی قیمت گزشتہ سیشن کے 18.9 ارب روپے سے گھٹ کر 13 ارب روپے رہ گئی۔
ہم نیٹ ورک 20.7 ملین حصص کے ساتھ سب سے آگے رہا، اس کے بعد نیشنل بینک ایکس ڈی 19.6 ملین حصص کے ساتھ اور بی او پنجاب 17.6 ملین حصص کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
پیر کو 427 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 216 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 158 میں کمی جبکہ 53 میں استحکام رہا۔
Comments
Comments are closed.