وزارت تجارت اور برآمد کنندگان نے وزارت خزانہ اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی مشاورت سے تیار کردہ ’غیر منصفانہ‘ وفاقی بجٹ کی مخالفت کی ہے کیونکہ اس سے برآمدات متاثر ہوں گی۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس سینیٹر انوشہ رحمان کی زیر صدارت ہوا جس میں سینیٹر سرمد علی، عامر ولی الدین چشتی اور سینیٹر طلال بدر نے شرکت کی۔

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کے چیف ایگزیکٹو زبیر موتی والا نے اپنے ادارے کی سرگرمیوں، تجارتی سہولت کاری اور مصنوعات کی ترقی اور سپلائی سائیڈ مداخلت پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔

انہوں نے پاکستان کے حصے کو بڑھانے کے لئے عالمی مارکیٹ میں مزید رسائی کے لئے ٹڈاپ کے مستقبل کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔ تاہم، وہ کچھ برآمد کنندگان سے ناخوش تھے، جو ان کے مطابق کالا دھن دبئی بھیج رہے ہیں، جس سے ملک کی بدنامی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے لئے سنگل کنٹری نمائش کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے۔

آئی ٹی خدمات کی برآمد کے معاملے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرپرسن قائمہ کمیٹی نے دلیل دی کہ اس شعبے کو ترقی کے لئے مزید مراعات دی جانی چاہئے تھیں۔

برآمدات میں اضافے پر بحث کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری کامرس سید حامد علی نے کہا کہ حکومت کو وزارت تجارت کے ساتھ دیگر وزارتوں جیسا سلوک نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہ ایک مخصوص وزارت ہے اور ملک کے لیے ڈالر کماتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ 2024-25 کے لیے وزارت تجارت کی سفارشات کو قبول نہیں کیا گیا، وزارت تجارت سے منسلک اداروں کے مسائل کو بھی وزارت خزانہ کی جانب سے کوئی اہمیت نہیں دی جا رہی ہے۔ موتی والا نے کمیٹی کو بتایا کہ ایف بی آر کی طرف سے جاری کردہ حالیہ ایس آر او 350 نے ایکسپورٹ انڈسٹری سمیت انڈسٹری کو شدید نقصان پہنچایا ہے کیونکہ اس عمل میں بہت بڑا سرمایہ پھنس جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ایف بی آر کے چیئرمین ملک امجد زبیر ٹوانہ سے بات کی ہے جنہوں نے وعدہ کیا کہ وہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے منیجنگ ڈائریکٹر ایس ایس جی سی سے بات کریں گے۔ میں نے جواب دیا کہ اس مہینے میں مسئلہ حل ہو سکتا ہے لیکن اگلے مہینے کیا ہوگا۔

انوشہ رحمان، جنہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ کامرس کمیٹی میں دلچسپی نہیں رکھتی تھیں، لیکن انہیں یہ ٹاسک دیا گیا کیونکہ ملکی برآمدات کو بڑھانے کے لیے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے لیے کمیٹی روم سے نکلنے سے قبل ٹڈاپ کے چیف ایگزیکٹو زبیر موتی والا نے سینیٹر طلال چوہدری کو بتایا کہ انہوں نے اعلیٰ سطح پر آگاہ کیا ہے کہ بجٹ میں اعلان کردہ موجودہ ٹیکسوں کے اقدامات سے برآمدات میں کمی آئے گی۔

چیئرپرسن اسٹینڈنگ کمیٹی نے دلیل دی کہ ہندوستان اور چین نے عالمی مارکیٹ پر قبضہ کر لیا ہے اور اب وہ مصنوعات ڈمپ کر رہے ہیں ، اور پوچھا کہ ٹداپ اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے کیا کر رہا ہے اور کیا ٹڈاپ نئی منڈیاں تلاش کر رہا ہے۔

ان کے جواب میں سی ای ٹڈاپ نے کہا کہ “ہم زیادہ سے زیادہ قیمت حاصل کرنے کے لئے مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے لوگ ناقص معیار کی مصنوعات بھیجتے ہیں جس کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ ہم مقدار بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں اور خاص طور پر زرعی پیداوار میں اپنے سرپلس کو برآمد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

موتی والا کا کہنا تھا کہ کم معیار کی مصنوعات کی برآمد روکنے کے لیے کچھ انتظامات کیے جائیں جس سے پاکستانی مصنوعات کی قیمتوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈاپ کو پاکستانی برآمد کنندگان کے خلاف شکایات موصول ہو رہی ہیں۔

ایس ایم ایز کے مسائل اور عالمی خریداروں کے ساتھ ان کے معاہدوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایکسپورٹرز ایسوسی ایشنز کے نمائندے جاوید بلوانی نے کمیٹی کو ایکسپورٹرز کی پریشانیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایکسپورٹرز ایک بھنور میں پھنسے ہوئے ہیں اور حالیہ بجٹ میں متعدد ٹیکسوں کی وجہ سے سب کچھ تباہ ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا، بجٹ بنانے والے حکام نے علاقائی ممالک کے مقابلے پاکستان میں کاروبار کرنے کی لاگت پر ٹڈاپ سے مشورہ نہیں کیا۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے افسران( ٹی آئی اوز) صرف وزارت تجارت سے ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ تین یا چار برآمدی شعبوں جیسے گوشت کے برآمد کنندگان اور باغبانی کے برآمد کنندگان کے پاس دستاویزات نہیں ہیں تو وہ نئے ٹیکس نظام کے تحت کیسے برآمد کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ”تین یا چار شعبے دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ حالیہ بجٹ اقدامات کی وجہ سے ختم ہو گئے ہیں۔“

بلوانی نے کہا کہ زیادہ تر شعبے فکسڈ ٹیکس نظام کے تحت ہیں لیکن صرف برآمد کنندگان کو منتخب کیا گیا ہے کہ وہ اس نظام میں نہ ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ برآمد کنندگان کی حالت اب ان لوگوں سے بدتر ہے جو عام ٹیکس نظام میں ہیں۔

انہوں نے حکومت کو تجویز پیش کی کہ وہ پانچ سال کے لیے تجارتی پالیسی بنائے اور اس مدت کے لیے تمام ٹیکس اور یوٹیلٹیز کو ڈالر کے حساب سے طے کرے اور ہمیں عام تعطیلات کی تعداد سے آگاہ کرے تاکہ برآمد کنندگان کو معلوم ہو کہ وہ کہاں کھڑے ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ جب برآمد کنندگان کو حکومت پر اعتماد نہیں تو وہ کاروبار کیسے کرے گا۔

ڈائریکٹر جنرل انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (آئی پی او) نے اپنی تنظیم کی کارکردگی اور زیر التوا مقدمات پر ایک پریزنٹیشن پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم میں عملے کی کمی ہے کیونکہ اس کی کل تعداد 319 ہے جبکہ اس وقت عملے کی تعداد منظور شدہ تعداد سے 139 کم ہے۔ کمیٹی نے تنظیم کے کام کاج کو بہتر کرنے کے لئے خالی عہدوں کو پر کرنے کے لئے دو ماہ کا وقت دیا۔ اجلاس میں چیئرمین آئی پی او کی عدم موجودگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کمیٹی نے آئی پی او کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ مسابقتی بولی کے عمل کے ذریعے آئی ٹی فرم کی خدمات حاصل کرے تاکہ ایم او یو کی بنیاد پر ٹھیکہ دینے کے بجائے درخواستوں کی رجسٹریشن کے عمل کو تیز کیا جاسکے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف