اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعداد و شمار کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں نے مئی 2024 ء کے دوران منافع اورڈیویڈنڈ کی مد میں اب تک سب سے زیادہ 918 ملین ڈالر واپس بھیجے ہیں۔

غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع اورڈیویڈنڈ کی واپسی میں اپریل 2024 کے مقابلے میں مئی 2024 کے دوران 1,522 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مئی 2024ء کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع اور ڈیویڈنڈ کی واپسی 918.1 ملین ڈالر رہی جو اپریل 2024ء کے 56.6 ملین ڈالر کے مقابلے میں 861 ملین ڈالر کا اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ منافع اور ڈیویڈنڈ کی واپسی کی مد میں ایک ماہ میں ایک بڑی رقم واپس بھیجی گئی۔ اس کی وجہ حکومت کی جانب سے غیر ملکی زرمبادلہ کے اخراج پر عائد پابندیاں اٹھانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ توقع ہے کہ ایک ماہ میں اس ریکارڈ واپسی کے ساتھ ، تمام زیر التوا ادائیگیوں کو کلیئر کردیا گیا ہے۔

مئی 2024 کے دوران زیادہ تر رقم براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) پر واپس کی گئی تھی۔ مجموعی رقم میں سے ایف ڈی آئی سے منافع اور ڈیویڈنڈ کی واپسی 887.5 ملین ڈالر اور غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاری (ایف پی آئی) 30.5 ملین ڈالر رہی۔

مئی 2024 میں سب سے زیادہ 258 ملین ڈالر کے منافع اور ڈیویڈنڈ کا حصہ برطانیہ کو بھیجا گیا اور نیدرلینڈز 109.5 ملین ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔

مجموعی طور پر رواں مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران سرمایہ واپسی میں سالانہ 476 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے مالی سال 24 کے جولائی تا مئی کے دوران 1.805 ارب ڈالر واپس بھجوائے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ رقم 313 ملین ڈالر تھی جو 1.5 ارب ڈالر کا اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران ایف ڈی آئی پر منافع کی مد میں 1.7 ارب ڈالر کی رقم واپس کی گئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 257.2 ملین ڈالر تھی۔

زیر غور مدت کے دوران ایف پی آئی پر ریرن بھی 56 ملین ڈالر سے بڑھ کر 106 ملین ڈالر ہو گیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایف ڈی آئی ریٹرن کی مد میں بھیجی جانے والی رقم 1.728 ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے برابر ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملک سے غیر ملکی زرمبادلہ کے اخراج کو روکنے کے لیے گزشتہ سال کے دوران نافذ کیے گئے کیپٹل کنٹرول میں نرمی کے بعد منافع اور ڈیویڈنڈ کی واپسی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف