وفاقی حکومت نے آزاد جموں و کشمیر حکومت کی درخواست پر آزاد کشمیر میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی اور آزاد کشمیر میں ایف سی کی تعیناتی کی درخواست کی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے امن و امان کی صورتحال ، موجودہ سیاسی منظر نامے اور آزاد کشمیر حکومت کے آئندہ مالی سال کے بجٹ پر تبادلہ خیال کیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف سی آزاد کشمیر پولیس کی مدد کے علاوہ نیلم جہلم، منگلا اور گلپور ہائیڈرو پاور منصوبوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی فراہم کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایف سی کی 6 پلاٹونز آزاد کشمیر میں تین ماہ کی مدت کے لئے تعینات کی جائیں گی ۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو یقین دلایا کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

گزشتہ ماہ آزاد کشمیر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں مہنگائی اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کے خلاف چار روزہ احتجاج کے دوران ایک پولیس اہلکار سمیت متعدد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

احتجاج اور امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال نے آزاد کشمیر حکومت کو وادی میں صورتحال پر قابو پانے کے لئے رینجرز کو بلانے پر مجبور کردیا تھا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف