پاکستان

پٹرول کی قیمت میں 10 روپے 20 پیسے فی لٹر کمی

  • ڈیزل بھی 2 روپے 33 پیسے سستا ، نئی قیمتوں کا اطلاق ہوگیا
شائع June 15, 2024

حکومت نے آئندہ پندرہ روز کے لئے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کردیا جس سے مہنگائی سے پریشان صارفین کو کچھ راحت ملی ہے ۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 10 روپے 20 پیسے فی لٹر کمی کی گئی جس کے بعد نئی قیمت 258 روپے 16 پیسے فی لٹر ہوگئی ہے ۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 33 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 267 روپے 89 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔

مٹی کے تیل کی قیمت 171 روپے 61 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 157 روپے 32 پیسے فی لٹر برقرار رہے گی۔

اس حوالے سے فنانس ڈویژن نے بھی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نئی قیمتوں کا اطلاق آج (15 جون) سے ہوگیا۔

پٹرول بنیادی طور پر کاروں اور موٹر سائیکلوں کے لئے استعمال ہوتا ہے جب کہ ایچ ایس ڈی بھاری گاڑیوں جیسے ٹرکوں اور بسوں کے ساتھ ساتھ صنعتی مشینری میں بھی استعمال کیا جاتا ہے ۔

قبل ازیں بزنس ریکارڈر نے خبر دی تھی کہ 16 جون سے 30 جون 2024 تک پٹرول کی قیمت میں 9.23 روپے فی لٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4.02 روپے فی لٹرکمی کا امکان ہے۔

یکم جون کو حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے فی لٹر کمی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پٹرول کی قیمت 268 روپے 36 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 270 روپے 22 پیسے فی لٹر ہوگئی تھی۔ یاد رہے کہ اب تک عوام کو پٹرول کی مد میں مجموعی طور پر 35 روپے فی لیٹر ریلیف فراہم کیا جا چکا ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف