پاکستان

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی سفارشات پر عملدرآمد کی نگرانی کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل

ریڈیو پاکستان نے جمعرات کو رپورٹ کیا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی سفارشات پر عملدرآمد کی...
شائع June 6, 2024

ریڈیو پاکستان نے جمعرات کو رپورٹ کیا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی سفارشات پر عملدرآمد کی نگرانی کیلئے کابینہ کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

اس سلسلے میں حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔

کمیٹی فیصلوں کو منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو پیش کرے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف بطور چیئرمین فرائض سرانجام دیں گے جبکہ آرمی چیف، صوبائی وزرائے اعلیٰ اور نیشنل کوآرڈینیٹر خصوصی دعوت پر اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔

اس سے قبل یہ اطلاع دی گئی تھی کہ روسی نمائندے اسلام آباد اور ماسکو کے درمیان اقتصادی تعاون کی راہوں پر بات چیت کے لیے خصوصی سرمایہ کاری کونسل کے ساتھ مصروف ہیں۔

جن امور پر غور کیا جا رہا ہے ان میں بینکنگ کے شعبے میں تعاون، جو روس اور پاکستان کے درمیان باہمی تصفیے کا انتظام کرنے کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے، دونوں ممالک کی سرزمین پر دونوں ممالک کے بینکوں کے نمائندے اکاؤنٹس اور شاخوں کا قیام اور پاکستانی بینکوں کا بینک آف روس (ایس پی ایف ایس) کے فنانشل میسجنگ سسٹم سے رابطہ شامل ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے امیگریشن، اوورسیز ایمپلائمنٹ اور ٹیکنیکل ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پر کابینہ کی ایک اور کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔

کمیٹی بیرون ملک ملازمت اور تکنیکی تربیت سے متعلق تمام سرکاری اداروں کے لیے ایک مرکزی فورم کے طور پر کام کرے گی اور اس حوالے سے پالیسیوں کا جائزہ لے گی۔

یہ کمیٹی پیشہ ورانہ تربیت کے اداروں کے لیے نصاب، نگرانی اور تشخیص کے فریم ورک کی منظوری دے گی جبکہ غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ، اور ہنر مند کارکنوں کے استحصال سے نمٹنے کے لیے منصوبے تشکیل دے گی۔

کمیٹی بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مصروفیت کیلئے بھی ایک ایکشن پلان تیار کرے گی۔

Comments

200 حروف