پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعرات کو بھی مندی جاری رہی کیوں کہ اس کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس انڈیکس 357 پوائنٹس کی کمی پر بند ہوا جس سے مندی میں مسلسل چوتھے روز توسیع ہوئی ہے۔
کے ای ایس 100 انڈیکس نے جمعرات کو کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں کیا اور سیشن کے دوران انڈیکس 74,593.33 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا تھا۔ تاہم کچھ ہی دیر میں منافع کا حصول شروع ہوگیا جس نے انڈیکس کو منفی زون میں دھکیل دیا۔
کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 356.51 پوائنٹس یا 0.48 فیصد کمی کے ساتھ 73,862.93 پوائنٹس پر بند ہوا۔
بروکریج ہاؤسٹ ٹاپ لائن سیکورٹیز نے اپنی پوسٹ مارکیٹ رپورٹ میں کہا کہ فروخت کے دباؤ کی وجہ ان خدشات کو قرار دیا جا سکتا ہے کہ حکومت آنے والے بجٹ میں منافع، کیپٹل گین، اور سود کی آمدنی پر ٹیکس بڑھا سکتی ہے۔
ایف ایف سی، او جی ڈی سی، ایم اے آر آئی، ایم سی بی، اور پی ایس او مجموعی طور پر انڈیکس میں 136 پوائنٹس کی کمی کا سبب بنے جبکہ بی اے ایف ایل، ایس وائی ایس، لک، اینگرو اور ایم ٹی ایل نے انڈیکس میں 65 پوائنٹس کا اضافہ کیا۔
بدھ کو بھی کے ایس ای 100 انڈیکس 447 پوائنٹس کی کمی پر بند ہوا تھا جس کی وجہ بینکنگ، تیل اور گیس کی تلاش والی کمپنیوں میں فروخت کا دباؤ تھا۔ اس ہفتے کے چار سیشنز میں 100 انڈیکس میں 2,000 سے زیادہ پوائنٹس کی کمی ہوئی ہے۔
ایک اہم پیشرفت میں، ٹریٹ کارپوریشن لمیٹڈ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ایک مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی کے قیام کا اعلان کیا۔ کمپنی نے جمعرات کو اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے اپنے نوٹس میں اس پیشرفت سے آگاہ کیا۔
ایک اور نوٹس میں، پاکستان کی ای کامرس لاجسٹک فرم بلیو ایکس لمیٹڈ نے مطلع کیا کہ اس نے شینزن کراس بارڈر ای کامرس ایسوسی ایشن چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
جمعرات کو ان بڑھتی ہوئی توقعات کی بدولت ایشیائی حصص میں اضافہ ہوا کہ امریکی فیڈرل ریزرو ممکنہ طور پر ستمبر میں شرح سود میں کمی کرے گا جبکہ یورپی مرکزی بینک کی پالیسی میٹنگ سے پہلے یورو کی قدر بہتر ہوئی ہے جہاں شرح میں کمی کی وسیع پیمانے پر توقع ہے۔
دریں اثنا انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.03 فیصد کی معمولی کمی ہوئی ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں 9 پیسے کی کمی کے بعد روپیہ 278 روپے 39 پیسے پر بند ہوا۔
آل شیئر انڈیکس کا حجم ایک سیشن پہلے 348.55 ملین سے بڑھ کر 352.74 ملین ہو گیا۔
حصص کی مالیت گزشتہ سیشن میں 16.39 ارب روپے سے کم ہو کر 12.31 ارب روپے ہوگئی۔
ورلڈ کال ٹیلی کام 17.60 ملین شیئرز کے ساتھ والیم لیڈر رہی۔ اس کے بعد کوہ نور اسپننگ 14.85 ملین شیئرز کے ساتھ دوسرے اور دیوان موٹرز 13.69 ملین شیئرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
جمعرات کو 450 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 134 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 249 میں کمی جبکہ 67 کے بھاؤ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
Comments
Comments are closed.