پاکستان کی ای کامرس لاجسٹک فرم بلیو ایکس لمیٹڈ نے چین کے شینزین کراس بارڈر ای کامرس ایسوسی ایشن (ایس زیڈ سی بی ای اے) کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کے لئے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔

کمپنی نے جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس میں اپنے اسٹیک ہولڈرز کو آگاہ کیا۔

نوٹس کے مطابق اسٹاک ایکسچینج میں پاکستان کی واحد ای کامرس لاجسٹک لسٹڈ کمپنی بلیو ایکس لمیٹڈ نے چین کے شینزین کراس بارڈر ای کامرس ایسوسی ایشن (ایس زیڈ سی بی ای اے) کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

فائلنگ کے مطابق ایس زیڈ سی بی ای اے اور بلیو ایکس لمیٹڈ نے اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے معاہدے کو حتمی شکل دے دی ہے جس کا مقصد چین کے فروخت کنندگان کے لیے پاکستان میں ای کامرس ٹریڈ اور لاجسٹکس میں جدید ترین خدمات فراہم کرنا اور اسی طرح کی خدمات پاکستانی ایکسپوٹرز کو چین کیلئے فراہم کرنا ہے۔

بلیو ایکس پاکستان کی پہلی لسٹڈ ٹیک لاجسٹک کمپنی ہے اور پاکستانی کمپنیوں کے لئے مقامی اور عالمی مارکیٹوں میں ای کامرس بزنس ٹو بزنس سلوشنز فراہم کرتی ہے۔

نوٹس کے مطابق کمپنی فی الحال فلائی جناح (ایئر عربیہ کا ماتحت ادارہ)، ارمیکس، ایل ایل سی کو دیگر عالمی شراکت داروں کے کنٹری فرنچائز کے طور پر نمائندگی کرتی ہے۔

دریں اثنا ، ”ایس زیڈ سی بی ای اے ، چین 10 سالوں سے بیرونی دنیا میں مضبوط موجودگی رکھتا ہے اور چین بھر میں سب سے زیادہ بااثر سرحد پار ای کامرس کمپنیوں کے 3،000 سے زیادہ ممبر یونٹس ہیں“۔

یہ ادارہ چین میں سب سے زیادہ بااثر سرحد پار ای کامرس انڈسٹری ایسوسی ایشنوں میں سے ایک ہے۔

یہ پیش رفت وزیر اعظم شہباز شریف کے چین کے پانچ روزہ دورے کے دوران سامنے آئی ہے۔

دورے کے دوران دونوں ممالک نے اپنی کاروباری سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان اور وزیر تجارت جام کمال خان نے بڑی چینی کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقاتیں کیں۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس پاک چین بزنس فورم میں چین کی 500 اور پاکستان کی 100 کمپنیوں نے شرکت کی جبکہ دوطرفہ مذاکرات کے علاوہ 32 ایم او یوز پر دستخط کیے گئے جو چینی کمپنیوں کے ساتھ ہوئے اور کامیاب رہے۔

Comments

Comments are closed.