پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بدھ کے روز سندھ کے وزراء پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی پر توجہ دیں اور اندرونی تنازعات کو حل کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کہ اس طرح کی لڑائی پارٹی اور حکومت کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کابینہ کے ارکان میں غیر سنجیدگی دیکھی ہے، کیا یہ اس لیے ہے کہ ہمیں پانچویں بار حکومت ملی ہے؟

انہوں نے وزراء سے کہا کہ وہ تبادلوں اور تعیناتیوں کی سیاست سے بالاتر ہوکر عوامی توقعات پر پورا اتریں۔

صوبے کے معاشی چیلنجز کو اجاگر کرتے ہوئے بلاول نے محدود وسائل کے باوجود گورننس کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے انتخابات کو کئی ماہ گزرنے کے باوجود بعض اراکین کی جانب سے توجہ نہ دینے پر تشویش کا اظہار کیا۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اپنے وعدے پورے کریں گے اور بجٹ پیش ہونے سے پہلے مسائل حل ہو جائیں گے۔

بلاول نے پارٹی وزراء پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تندہی سے کام کریں تاکہ عوام کو ان کی کوششیں نظر آئیں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزرا سیاسی مخالفت کیلئے استعمال نہ ہوں،تبادلوں اور تعیناتیوں کی سیاست کو ختم کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

پی پی پی چیئرمین نے وزراء کو عوام کی توقعات پر پورا اترنے اور اپنے حلقوں پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ منصوبوں کے بارے میں فیصلے کرتے وقت اپنے حلقے کے عوام سے کھل کر مشاورت کریں۔

بلاول نے کہا کہ وزرا کو پارلیمانی حاضری کے ساتھ اپنے حلقوں میں بھی وقت دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اندرونی مسائل پارٹی اور حکومت کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے قابل افسران کو مواقع فراہم کرنے کی بھی حمایت کی

بلاول نے یہ کہہ کر اختتام کیا کہ عوام نفرت کی سیاست سے مایوس ہو چکے ہیں اور حکومت کا مقصد غریبوں کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے اراکین پر زور دیا کہ وہ اندرونی تنازعات سے گریز کریں اور سندھ کے عوام کے لیے ڈیلیور کرنے پر توجہ دیں۔

Comments

200 حروف